بغیر اجازت نامے والے عازمین کو حج مقامات پر لے جانے والے مقامی و مقیم غیر ملکی شہریوں کو سزائوں سے استثنیٰ حاصل نہیں، سعودی حکام

جمعہ 17 اگست 2018 13:03

بغیر اجازت نامے والے عازمین کو حج مقامات پر لے جانے والے مقامی و مقیم ..
ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ کی انتظامی کمیٹیوں نے کہا ہے کہ بغیر اجازت نامے والے عازمین کو حج مقامات پر لے جانے والے مقامی و مقیم غیر ملکی شہری مرد ہوں یا خواتین کسی کو بھی سزائوں سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ کی انتظامی کمیٹیوں کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بغیر اجازت نامے والے عازمین کو حج مقامات پر لے جانے والی7 سعودی شہریوں اور ایک مقیم غیر ملکی کو قید، جرمانے اور تشہیر کی سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سزا کے بعد غیر ملکی کو سعودی عرب سے بے دخل کیا جائے گا جبکہ غیرقانونی عازمین کو سفر کی سہولت فراہم کرنے والوں کی گاڑی ضبط کرلی جائے گی۔ محکمہ پاسپورٹ کے اعلیٰ عہدیدارکرنل فہد آل سلیمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بغیر حج اجازت نامے والے عازمین کو سفرکی سہولت فراہم کرنے والوں میں کوئی فرق نہیں کیا جائے گا، جرم کا مرتکب مقامی و مقیم غیر ملکی شہری مرد ہوں یاخواتین کسی کو بھی سزائوں سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔