چودھری نثار علی خان کا قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن لڑنے پر غور

چودھری نثار علی خان قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ قریبی ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 17 اگست 2018 13:09

چودھری نثار علی خان کا قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن لڑنے پر غور
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اگست 2018ء) : مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما چودھری نثار علی خان نے قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب میں حصہ لینے پر غور شروع کر دیا ہے۔ چودھری نثار علی خان قومی اسمبلی کی کسی نشست پر ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گے اور ایک مرتبہ پھر سے اپنی قسمت آزمائی کریں گے۔ چودھری نثار علی خان کا شمار مسلم لیگ ن کی پالیسی ساز رہنماؤں کی صف میں ہوتا تھا لیکن پارٹی سے اختلافات کی وجہ سے انہیں الیکشن میں بھی شدید نقصان اُٹھانا پڑا اور قومی اسمبلی کی کسی نشست سے کامیابی ان کا مقدر نہیں ہوئی۔

چودھری نثار علی خان نے عام انتخابات 2018ء میں چار نشستوں سےحصہ لیا جس میں دو نشستیں قومی اسمبلی جبکہ دو صوبائی اسمبلی کی تھیں۔ چودھری نثار علی خان کو قومی اسمبلی کی دو نشستوں این اے 59 اور این اے 63 سے اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 12 سے شکست کا سامنا ہوا، جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 10 سے چودھری نثار علی خان کامیاب قرار پائے لیکن چودھری نثار علی خان نے پنجاب اسمبلی میں نہ تو حلف اُٹھایا اور نہ ہی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کے لیے پولنگ کے عمل میں شامل ہوئے۔

(جاری ہے)

چودھری نثار کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب چودھری نثار علی خان نے ضمنی انتخاب میں قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے نزدیک صوبائی اسمبلی کی کوئی اہمیت نہیں۔یہاں یہ بات بھئی قابل ذکر ہے کہ چودھری نثار نے بارہا مسلم لیگ ن کی پالیسیوں اور پارٹی قیادت کے بیانات سے اختلافات کا اظہار کیا اور ان پر اپنے تحفظات بھی ظاہر کیے لیکن تاحال انہوں نے باضابطہ طور پر مسلم لیگ ن کی رکنیت سے استعفیٰ نہیں دیا۔

لیکن چودھری نثار علی خان ایک بات تو بخوبی سمجھتے ہیں کہ اب پارٹی میں ان کے لئے کوئی جگہ نہیں رہی۔ چودھری نثار علی خان قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب میں حصہ لے کر ایوان زیریں کا حصہ بننا چاہتے ہیں، اسی لیے انہوں نے فی الوقت نہ تو صوبائی اسمبلی کی نشست پر حلف اُٹھایا اور نہ ہی اس نشست کے حوالے سے کوئی بیان جاری کیا۔