میٹروپولیٹن کارپوریشن نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے مویشیوں کی اوجھڑی اور آلائشیں اکٹھی کرنے کیلئے جامع سینٹری پلان ترتیب دیدیا، اسلام آباد میں 2500 سے زائد خاکروب، سپروائزری عملہ اور سینیٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے افسران خدمات سرانجام دیں گے

جمعہ 17 اگست 2018 13:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے مویشیوں کی اوجھڑی اور آلائشیں اکٹھی کرنے کے لئے جامع سینٹری پلان ترتیب دے دیا، 2500 سے زائد خاکروب، سپروائزری عملہ اور سینیٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے افسران خدمات سر انجام دیں گے تاکہ آلائشوں اور اوجھڑیوں کو بروقت سائنسی بنیادوں پر تلف کرنے کابندو بست کیا جا سکے۔

سینیٹیشن ڈائریکٹوریٹ نے اس ضمن میں تمام سینٹری عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ میٹروپولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کی طرف سے جاری سینٹری پلان کے مطابق عید الاضحیٰ کے موقع پر 2500 سے زائد عملہ صفائی کے ارکان اور افسران عید کی تعطیلات کے دوران صفائی آپریشن میں بھرپور حصہ لیںگے، شہری آلائشیں اور اوجھڑیاں قربان گاہوں کے پاس محفوظ رکھیں اور صفائی عملہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر کو تعفن زدہ ہونے سے بچایا جاسکے۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے بھی اس ضمن میں شہریوں کی آگاہی کے لئے اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں بینرز آویزاں کئے ہیں تاکہ صفائی منصوبہ پر مکمل عملدرآمد کیا جاسکے اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آلائشیں اور اوجھڑیاں جھاڑیوں اور جنگلات و نالوں میں نہ پھینکیںجو تعفن اور بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔ صفائی عملہ گھر کی دہلیزپر شہریوں کو الائشیں اور اوجھڑیا ںاکٹھے کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔ دریں اثناء عیدالاضحیٰ کے موقع پر عیدگاہوں، مساجد اور امام بارگاہوں کے گردو نواح میں صفائی کے لئے بھی عملہ کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں جبکہ قربان گاہوں پر خون سے پیدا ہونے والے تعفن سے بچائو کے لئے چونا اور دیگر کیمیکلز کا چھڑکائو کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :