جائیکا مشن ماہرین کی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب ثاقب ظفرسے ملاقات

جائیکا مشن خصوصی طورپر زچہ بچہ اموات کی وجوہات سے آگاہ ہونے کیلئے بھی کام کر رہا ہے‘کیزو ہیرو

جمعہ 17 اگست 2018 13:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) پاکستان میں جائیکا مشن ماہرین پرمشتمل وفد نے سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب ثاقب ظفر سے ان کے دفتر میںملاقات کی۔ کیزو ہیرو کی قیادت میں ہونے والی اس ملاقات میں ماساٹو اٹسونومیاور کوٹا یوشی فیوجی اور حافظ طیب اشرف،ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) شاہد سلمان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

وفد نے سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب ثاقب ظفر کو صوبہ پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات اور آلات کی فراہمی کے حوالے سے کئے جانے والے ڈیٹاکولیکشن سروے کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔جائیکا وفد کی قیادت کرنے والے کیزو ہیرو نے بتایاکہ مشن نے سروے کے پہلے مرحلے میں لاہور ، فیصل آباد اور راولپنڈی کے 10مختلف ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کا سروے مکمل کیا جبکہ دوسرے مرحلے میں فیصل آباد ڈویژن کے مختلف ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس مینجمنٹ کا جائزہ لیاجائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ جائیکا مشن خصوصی طور پرصوبہ پنجاب میںزچہ بچہ اموات کی وجوہات کے حوالے سے مختلف امور کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب ثاقب ظفرنے اس موقع پر پاکستان خاص طور پر صوبہ پنجاب میں جاپان کی حکومت کی طرف سے شعبہ صحت میںسہولیات کی فراہمی اور اصلاحات کیلئے کی جانے والی کوششوں کو بے حد سراہا اورکہاکہ حکومت پنجاب شہریوں کو صحت کی بہترین اور جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔

نیز محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب جائیکا مشن کو اس سروے کے حوالے سے بھی بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ جائیکا مشن سروے کے اعداد وشمار کے ذریعے پنجاب میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بہترین نتائج کیلئے محکمہ پرائمری اینڈ سیکرٹری ہیلتھ کیئر سے بھی مشاورت یقینی بنائے۔