اچھی طرح پک جانے پر سرخ مرچوں کی چنائی شروع کریں،زرعی ماہرین

جمعہ 17 اگست 2018 14:20

فیصل آباد۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) ماہرین زراعت نے مرچ کے کاشتکاروں کو مرچوں کی چنائی بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ مقررہ وقت پر چنائی نہ کرنے کے عمل سے فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتاہے اس لئے اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیاجائے ۔ انہوںنے بتایاکہ چنائی کا عمل اس وقت شروع کیاجائے جب مرچ اچھی طرح پک چکی ہو اور اس کا رنگ بھی مکمل طور پر سرخ ہو چکاہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چنائی صبح یا شام کے ٹھنڈے اوقات میں کرنی چاہیے تاکہ پودے ٹوٹنے کا احتمال نہ رہے۔ انہوںنے کہاکہ مرچ کی چنائی ہفتہ عشرہ کے وقفے سے کرنے کے بعد مرچوں کو اکٹھا ڈھیر کی صورت میں رکھنے کی بجائے خشک اور صاف چٹائی پر اسے احتیاط سے بکھیر دیناچاہیے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار چنائی کے بعد کمزور اور بیماری سے متاثرہ مرچوں کو الگ کر دیں نیز مرچوں کو بارش یا آندھی سے بچانے کیلئے بھی ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ بہتر پیداوار کے ذریعے کاشتکاروں کو مالی منفعت حاصل ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :