سری لنکا کا اکتوبر سے مارچ کے دوران مصروف ترین شیڈول کا اعلان، آئی لینڈرز چار ماہ کے دوران انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف 9 ٹیسٹ، 13 ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی

جمعہ 17 اگست 2018 14:22

کولمبو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) سری لنکا کرکٹ نے اکتوبر 2018ء سے مارچ 2019ء تک مصروف ترین شیڈول کا اعلان کر دیا، آئی لینڈرز اس دوران چار مختلف ٹیموں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف 9 ٹیسٹ، 13 ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

(جاری ہے)

سری لنکن ٹیم اکتوبر نومبر میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور واحد ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کی میزبانی کے بعد نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی، آئی لینڈرز دسمبر، جنوری میں دورہ نیوزی لینڈ کے دوران تین روزہ وارم اپ میچ سمیت دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی، اس کے فوراً بعد سری لنکن ٹیم آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں پر وہ تین روزہ وارم اپ میچ اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی، اس کے ساتھ ہی سری لنکن ٹیم فروری مارچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

مصروف ترین شیڈول کے تحت سری لنکن ٹیسٹ کرکٹرز قریباً تین ماہ تک ملک سے باہر رہیں گے۔