سرکاری پلاٹس کامعاملہ نیب نے سابق سیکرٹری خوراک بلوچستان کے خلاف زرغون ہاوسنگ سکیم میں بھی ریفرنس دائر کر دیا،ترجمان نیب بلوچستان

جمعہ 17 اگست 2018 14:27

سرکاری پلاٹس کامعاملہ نیب نے سابق سیکرٹری خوراک بلوچستان کے خلاف زرغون ..
کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) سرکاری پلاٹس کامعاملہ نیب نے سابق سیکرٹری خوراک بلوچستان کے خلاف زرغون ہاوسنگ سکیم میں بھی ریفرینس دائر کر دیا ترجمان نیب بلوچستان کے مطابق ۔ قومی احتساب بلوچستان نے سرکاری خزانے کو مبینہ طور پر کروڑوں روپوں کا نقصان پہنچانے پر سابق سیکرٹری خوراک بلوچستان نور احمد پرکانی کے خلاف زرغون ہاوسنگ سکیم میں بھی ریفرینس دائر کر دیا۔

نیب کی جانب سے چند روز قبل سابق سیکریٹری خوراک بلوچستان نور احمد سابق صوبائی وزیر حامد خان اچکزئی و دیگر کے خلاف چلتن ہاوسنگ سکیم میں بھی ریفرینس جمع کرایا گیا تھا۔ زرغون ہاوسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن کیس کے تفتیشی افسر فیاض افضل کی رپورٹ کے مطابق نور احمد پیرکانی نے ڈی جی کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی حیثیت سے سرکاری ہاوسنگ اسکیم میں پلاٹس کی بندر بانٹ کرتے ہوئے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

ملزم نے ڈی جی کیو ڈی اے کی حیثیت سے 44 سرکاری پلاٹس کی تنسیخ کرتے ہوئے منظور نظر افراد جن میں متعدد سیکرٹریز اور سرکاری ملازمین شامل تھے کو غیر قانونی طور پر نوازتے ہوئے کروڑوں کی کرپشن کی علاوہ ازیں ملزم نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے نا صرف 5 اضافی پلاٹس کی الاٹمنٹ بھی کی بلکہ خود کو قانون کی گرفت سے بچانے کیلئے کیو ڈی اے کا ریکارڈ بھی ٹیمپر کیا یاد رہے نیب نے سابق سیکرٹری خوراک بلوچستان نور احمد پیرکانی کو 5 اپریل کو گرفتار کیا اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے آج ریفرینس عدالت میں دائر کر دیاگیا ہے۔