متحدہ عرب امارات: دوست کی جگہ TOEFL کا امتحان دینے والا پکڑا گیا

ملزم کے مطابق اُسے ڈرا دھمکا کر اس غلط کام کے لیے مجبور کیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 17 اگست 2018 14:14

متحدہ عرب امارات: دوست کی جگہ TOEFL کا امتحان دینے والا پکڑا گیا
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 اگست 2018ء) ایک یونیورسٹی کے طالب علم کو اپنے دوست کی جگہ TOEFL کا امتحان دینے کی کوشش پر گرفتار کر لیا گیا۔ اس مقصد کے لیے ملزم نے شناختی کارڈ میں میں ہیرا پھیری کر کے اپنی تصویر لگا دی اور امتحانی سنٹر کے سُپروائزر کو دِکھا کر ٹیسٹ دینے کی کوشش کی مگر اپنی کوشش میں کامیاب نہ ہو سکا۔ تاہم ملزم نے عدالت میں اپنی صفائی میں کہا کہ وہ کسی اور کی جگہ اس لیے پیپر دینے گیا کیونکہ اُسے ڈرا دھمکا کر اس کام کے لیے مجبور کیا گیاتھا۔

ابو ظہبی کریمنل کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے فاضل جج کو بتایا کہ ملزم کو امتحانی نگران نے اُس وقت پکڑا جب وہ TOEFL (Test of English as a Foreign Language) کا امتحان دینے کے لیے امتحانی مرکز پہنچا تھا۔

(جاری ہے)

ہال میں بیٹھنے سے قبل نگرانوں کی جانب سے شناختی کارڈ طلب کرنے پر اُس نے جو شناختی کارڈ پیش کیا ‘ وہ مشکوک پایا گیا۔ استغاثہ کے مطابق شناختی کارڈ پر کوائف بدلنے کی کوشش کی گئی۔

ملزم نے اپنے دوست کی مدد کے لیے اُس کی جگہ ٹیسٹ دینے پر رضا مندی ظاہر کی۔ ملزم کا دوست فی الحال پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکا۔ استغاثہ کی جانب سے ملزم پر اپنی غلط شناخت ظاہر کر کے دھوکا دہی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ تاہم ملزم طالب علم نے عدالت میں اپنے خلاف عائد کیے گئے الزامات سے انکار کرتے ہوئے کہا ’’میں امتحانی ہال سے پرچہ دے کر باہر نکل رہا تھا جب دو نامعلوم عرب نوجوانوں نے مجھے گھیر لیا اور مجھ سے میرا شناختی کارڈ چھین کر مجھے ایک اور شناختی کارڈ تھما کر کہا کہ میں اس شناختی کارڈ والے بندے کی جگہ امتحان دوں۔

میرے انکار کرنے پر اُنہوں نے مجھے دھمکی دی کہ اُن کی بات نہ ماننے پر وہ میرا شناختی کارڈ واپس نہیں کریں گے۔‘‘ ملزم کے وکیل کی جانب سے دیئے گئے دلائل میں کہا گیا کہ اس بات کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے کہ ملزم نے جس کی جگہ پیپر دینے کی کوشش کی‘ وہ اُس کا جاننے والا تھا۔ مقدمے کا فیصلہ 30 اگست 2018ء کو سُنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایسے افراد جن کی مادری زبان انگریزی نہیں ہوتی‘ اُنہیں انگلش سپیکنگ یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے بین الاقوامی طورپر اختیار کردہ TOEFLکو پاس کرنا ہوتا ہے۔