امریکی ڈاکٹروں کا 31 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد 21 سالہ خاتون کے چہرے کی مکمل پیوند کاری کا کارنامہ

جمعہ 17 اگست 2018 14:33

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) امریکی ڈاکٹروں نے 31 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد 21 سالہ خاتون کے چہرے کی مکمل پیوند کاری کا کارنامہ سرانجام دے دیا۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیٹی سٹبل فیلڈ نامی خاتوں تین سال قبل خود کشی کی ناکام کوشش کے دوران اپنے چہرے پر فائر کرنے کے نتیجہ میں ناک اور منہ سے محروم ہو گئی تھی۔

فائر کے نتیجہ میں اس کی آنکھیں بھی اپنی جگہ سے ہٹ گئی تھیں اور اس کی بصارت شدید متاثر ہوئی تھی تاہم ڈاکٹروں نے اس کے باوجود اس کی جان بچالی۔ اسے اس واقعہ کے ایک سال بعد چہرے کا عطیہ ملا اور ڈاکٹروں نے یہ عطیہ شدہ چہرہ کیٹی کو لگانے سے قبل اس کے 17 آپریشن کئے۔ چہرے کی پیوند کاری میں سرجیکل ریہرسل، تھری ڈی پرنٹنگ اور ورچوئل ریئلٹی جیسی ٹیکنالوجیز اور ٹیکنیکس کا استعمال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس سارے عرصے میں کیٹی کے اہل خانہ نے ڈاکٹروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔آپریشن کی کامیابی کے بعد کیٹی دنیا بھر میں چہرے کی پیوندکاری کے مشکل اور طویل عمل سے گذرنے والی چالیسویں انسان بن گئی ہیں۔ڈاکٹروں کے مطابق کامیاب آپریشن کے باوجود کیٹی کو اپنی باقی پوری زندگی میںادویات کا استعمال کرنا ہوگا۔ انہیں فزیکل، اکوپیشنل اور سپیچ تھراپی سے بھی مدد لینا ہو گی۔نیشنل جیوگرافک میگزین نے کیٹی کی طویل جدو جہد کی کہانی ان کی سرورق پر تصویر کے ساتھ اپنے ستمبر کے شمارے میں شائع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :