Live Updates

تحریک انصاف کے سردار سعید انور بلامقابلہ ضلع ناظم اور بابو جاوید اقبال نائب ضلع ناظم ایبٹ آباد منتخب ہو گئے

جمعہ 17 اگست 2018 14:33

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) نے ضلع میں تین سال بعد بالآخر اتحاد کر لیا، تحریک انصاف کے سردار سعید انور بلامقابلہ ضلع ناظم اور بابو جاوید اقبال نائب ضلع ناظم ایبٹ آباد منتخب ہو گئے، نو منتخب ضلع ناظم سعید انور سے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ان کے عہدے کا حلف لیا، نو منتخب ضلع ناظم اور نائب ضلع ناظم نے تمام اراکین ضلع کونسل کو ساتھ لیکر چلنے اور بلاتفریق تمام ممبران کو ترقیاتی فنڈز دینے کا اعلان کر دیا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کی آپس کی کھینجا تانی کی وجہ سے گذشتہ تین سالوںسے ضلع میں ترقیاتی کام نہیں ہو سکے۔ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے تین سال بعد مل کر چلنے کا اعلان کیا ہے، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے تھے جس میں تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کو ترقیاتی فنڈز دینے کا اعلان کیا جس کے بعد مسلم لیگ (ن) نے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کر دی جس کے بعد ضلع کونسل کے اجلاس میں ضلع ناظم کیلئے بگنوتر سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے ممبر ضلع کونسل سردار سعید انور اور حویلیاں سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے ممبر ضلع کونسل بابو جاوید اقبال نے نائب ضلع ناظم کیلئے کاغذات جمع کروائے، ان کے مقابلہ میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کروائے جس سے سردار سعید انور بلامقابلہ ضلع ناظم اور بابو جاوید اقبال نائب ضلع ناظم منتخب ہو گئے۔

(جاری ہے)

نو منتخب ضلع ناظم سے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سید فیاض علی شاہ نے ان کے عہدے کا حلف لیا جبکہ نائب ضلع ناظم سے ضلع ناظم نے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ اجلاس سے خطاب کے دوران ممبران نے کہا کہ بہت وقت صائع ہو گیا ہے، اب بلاتاخیر ضلع میں ترقیاتی عمل شروع ہونا چاہئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات