تھلیسیمیامیں مبتلا غریب بچوں کے علاج کے لیے ٹنڈومحمدخان میںجلد سینٹر کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے،سلطان خواجہ

جمعہ 17 اگست 2018 15:10

ٹنڈومحمدخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) ڈی آئی جی حیدرآباد سلطان خواجہ نے کہاہے کہ تھلیسیمیامیں مبتلا غریب بچوں کے علاج کے لیے ٹنڈومحمدخان میںجلد سینٹر کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے تاکہ غریب بچوں کا علاج مفت ممکن ہو سکے۔یہ بات انہوں نے سیٹزن فورم اور تاجران فیڈریشن ٹنڈومحمدخان کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈی آئی جی حیدرآبادسلطان خواجہ نے کہا کہ ٹنڈومحمدخان شہر سے میرا روحانی رشتہ ہے اور یہ پر امن شہر ہے۔انہوں نے اپنے دور میں پولیس کے لیے بہت اچھے کام کیے ،منشیات اور سماجی برائیوں میں ملوث افراد کے لیے قانون بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ملزم باآسانی اپنی ضمانت نہ کروا سکے۔

(جاری ہے)

شہر اور اس کے گردو نواح میں چلنے والے منشیات ،جواء ،آکڑاپرچی اور سماجی برائیوں کے خلاف گرفت کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ،تاکہ مذکورہ مافیا کے خلاف مثبت کاروائی ممکن ہو سکے ۔

انہوںنے کہا کہ شہر کے چھوٹے بڑے مسائل کے حل کے لیے جلد ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس کا دفتر 15مددگار سینٹر میں قائم کیا جائے گا اور وہیں پر تمام مسائل کو خوش اسلوبی کے ساتھ حل کرایا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ ٹنڈومحمدخان میںایس ایس پی توقیر محمد نعیم اچھے طریقے سے کام کر رہے ہیں اور وہ منشیات اور سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، میری دعا ہے کہ یہ شخص آئی جی کی سیٹ تک پہنچے۔اس موقع پرایس ایس پی ٹنڈومحمدخان توقیر محمد نعیم،تاجران فیڈریشن کے صدر حاجی اسماعیل میمن ،جنرل سیکریڑی عبدالکریم شیخ،ڈاکٹر اقبال میمن ،آصف میمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔