اسلامی ترقیاتی بنک کے تعاو ن سے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول مہاجر کالونی میر پور کا تعمیراتی کام مکمل، وزیرسپورٹس آزادکشمیرنے افتتاح کر دیا

جمعہ 17 اگست 2018 15:10

میرپور/مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) اسلامی ترقیاتی بنک کے تعاو ن سے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول مہاجر کالونی میر پور کا تعمیراتی کام مکمل، وزیرسپورٹس آزادکشمیرنے افتتاح کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلامی ترقیاتی بنک کے تعاون سے آزادکشمیر بھر میں جاری سکولوں کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری و ساری ہے ، معتدد سکول تکمیل کے مراحل میں جبکہ کئی سکولوں کا افتتاح کر دیا گیا ہے ۔

ٹامی ماگری مظفرآباد، کھڑی برنالہ بھمبر کے بعد میرپور میں سکول کا افتتاح کر دیا گیا۔ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول مہاجر کالونی،چتر پڑی میرپور کی افتتاحی تقریب میں وزیر کھیل، امور نوجوانان و ثقافت آزادکشمیر چوہدری محمد سعید ، پراجیکٹ ڈائریکٹر اسلامی ترقیاتی بنک سید ظہیر حسین گردیزی، ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر عرفان اللہ خان ، مانیٹرنگ آفیسر سید صفدر بخاری، ایکسئین سید عمران نقوی سمیت پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ ، جرس انجینئرنگ کنسلٹنٹ کے ذمہ داران ، عوام علاقہ و والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول مہاجر کالونی،چتر پڑی میرپور کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سپورٹس چوہدری محمد سعید نے کہا کہ ہماری حکومت شعبہ تعلیمی میں انقلابی اصلاحات لا رہی ہے ، محکمہ تعلیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔مستقبل کے نونہالوں کی تربیت کیلئے اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کا ہونا انتہائی ضروری ہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹراسلامی ترقیاتی بنک سید ظہیر حسین گردیزی نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بنک کے تعاون سے آزادکشمیر بھر میں 337سکولوں کی عمارتیں تعمیر کی جا رہی ہیں ۔ دسمبر 2018ء تک 21سکولوں کا تعمیراتی کام مکمل کر لیا جائے گا ۔اس سکول کی تعمیر میں مقامی افراد مکمل تعاون حاصل رہا ۔ سکول کی تعمیر کے لئے بلامعاوضہ زمین فراہم کرنے والے افراد مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ تقریب کے اختتام پر وزیر حکومت چوہدری محمد سعید نے سکول کی تعمیر میں حصہ لینے والوں میں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے ۔

متعلقہ عنوان :