گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول راجپیاں میرپورمیں جشن آزادی تقریب کا انعقاد

جس انداز میں طالبات اور سکول سٹاف نے یوم آزادی پاکستان منایا وہ لائق تحسین ہے‘پرنسپل محترمہ شیریں قادر

جمعہ 17 اگست 2018 15:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول راجپیاں میں جشن آزادی تقریب کا انعقاد، طالبات کی بڑی تعداد میں شرکت ۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول راجپیاں میں یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کی صدارت پرنسپل ادارہ محترمہ شیریں قادر نے کی۔

تقریب میں طالبات نے بھر پور انداز میں شرکت کی اور جوش و جذبے سے یوم آزادی پاکستان منایا گیا۔ سکول کو قومی پرچم اور جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا ۔طالبات نے فرمودات قائد، کلام اقبال سمیت ترانے ، ٹیبلو اور رنگا رنگ پروگرام پیش کیے ۔ اس موقع پر شرکاء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ادارہ محترمہ شیریں قادر نے کہا کہ جس انداز میں طالبات اور سکول سٹاف نے یوم آزادی پاکستان منایا وہ لائق تحسین ہے ۔

(جاری ہے)

قیام پاکستان کے لئے ہمارے آبائواجداد نے جو قربانیاں پیش کیں اس سے نئی نسل کو آگاہ کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ وطن عزیز پاکستان بڑی محنت اور جدوجہد کے بعد حاصل ہوا۔ اس سلامتی اور بقاء کے لئے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا ۔ آج پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر نہ صرف پاکستانی بلکہ آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھی خوشیاں منائی جا رہی ہیں ۔

وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے ہمارے بہن بھائی آزادی کی صبح دیکھیں گے ۔ کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا ۔محترمہ شیریں قادر نے کہا کہ ہم قیام پاکستان کے وقت قربانیاں دینے والوں کی جدوجہد اور عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں اور آج کے دن اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔ پاکستان کی ترقی کے لئے اپنے حصے کا کردار ادا کرینگے ۔تعلیم کے ذریعے وطن عزیز کا نام روشن کرینگے ۔تقریب کے اختتام پر قومی پرچم کی طرز پر بنایا گیا کیک کاٹا گیا۔