ریاض: مشہورِ زمانہ سعودی ارب پتی شہزادہ الولید سائیکل چلا کر شاپنگ کے لیے پہنچ گئے

سائیکل سواری اور شاپنگ کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 17 اگست 2018 15:21

ریاض: مشہورِ زمانہ سعودی ارب پتی شہزادہ الولید سائیکل چلا کر شاپنگ ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 اگست 2018ء) اس وقت سوشل میڈیا پر سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے مشہورِزمانہ سعودی شہزادے الولید بن طلال کی ایک ویڈیو اور تصاویر وائرل ہو گئی ہیں‘ جو ریاض کے ایک مقامی سٹور پر گھر کی ضرورت کی اشیاء خریدنے کے لیے سائیکل چلا کر پہنچ گئے۔ ویڈیو میں اُنہیں ایک ڈیپارٹمنٹل سٹور میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے جہاں وہ پانی کی بوتل اور کولڈ ڈرنک کی عدم دستیابی پر پریشانی کا اظہار کر رہے ہیں اور پھر پوچھتے ہیں کہ کیا آسٹریلیا سے درآمد کی جانے والی گاجریں بِک چُکی ہیں۔

اس موقع پر موجود شہریوں نے اُن کے ساتھ سیلفیاں بنائیں اور تصویریں کھینچیں ۔ جس کے بعد وہ سٹور سے باہر آئے اور اپنی سائیکل پر بیٹھ کر گھر کو چل پڑے۔ پرنس الولید نے حالیہ دِنوں فرانس کی میوزک سٹریمنگ سروس کمپنی ڈِیزر (Deezer) میں ایک ارب سعودی ریال کے شیئرز بھی خریدے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اُنہوں نے ٹویٹر اور سٹی گروپ جیسے بین الاقوامی کمپنیوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔

شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے شہزادہ الولید بن طلال بن عبدالعزیز السعود 7 مارچ 1957ء کو پیدا ہوئے۔ اُن کا شمار دُنیا کے ممتاز تاجروں اور سرمایہ کاروں میں ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصّہ لیتے ہیں۔ 2008ء میں ٹائم میگزین نے دُنیا کے سو بااثر ترین افراد کی فہرست میں شہزادہ الولیدکو بھی شامل کیا تھا۔ شہزادہ الولید سعودی مملکت کے بانی ابنِ سعود کے پوتے ہیں۔

انہوں نے دُنیا کی مختلف کمپنیوں میں سیاحت‘ ہوٹلنگ‘ میڈیا‘ تفریح‘ زراعت‘ پیٹرو کیمیکلز‘ ہوا بازی‘ ٹیکنالوجی اور ریئل اسٹیٹ کے سیکٹرز میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ 4 نومبر 2017ء کو سعودی عرب کی حکومت نے کرپشن کے خاتمے کے تحت چلائی گئی مہم کے دوران اُن سمیت درجنوں سعودی ارب پتیوں کو رِٹز کارلٹن ہوٹل میں کئی ماہ تک نظر بند رکھا گیا۔ آخرکار ایک مالی سیٹلمنٹ کے بعد 27 جنوری 2018ء کو اُنہیں رہا کر دیا گیا۔ مارچ 2018ء کی دُنیا کے ارب پتیوں کی فہرست سے الولید کا نام خارج کر دیا گیا ہے۔ سعودی شہزادے الولید بن طلال کی وائرل ہونے والی ویڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: