Live Updates

پاکستانی عوام کو عمران خان کی قیادت میں امید کی کرن نظر آئی ہے جس پر وہ پورا اتریں گے‘اعجا زچوہدری

پی ٹی آئی قانون کی حکمرانی، معاشی عدل اور انسانی مساوات کا نظام لانے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرے گی ‘رہنما تحریک انصاف

جمعہ 17 اگست 2018 16:15

پاکستانی عوام کو عمران خان کی قیادت میں امید کی کرن نظر آئی ہے جس پر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) تحر یک انصاف کے سینئر مرکز ی رہنما اعجازاحمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کو عمران خان کی قیادت میں امید کی کرن نظر آئی ہے جس پر وہ پورا اتریں گے،عمران خان کے وزیراعظم بننے سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہو گا،سابقہ حکومتوں کی نااہلی، بیروزگاری، مہنگائی، توانائی بحران اور تعلیم و صحت کی ناقص صورت حال ہمارے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں، پی ٹی آئی قانون کی حکمرانی، معاشی عدل اور انسانی مساوات کا نظام لانے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرے گی ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ عمران خان اقتدار نہیں ہر شہری کو انصاف کی فراہمی کے مشن کی تکمیل چاہتے ہیں اور آئندہ5برسوں کے بعد کا پاکستان اسی تبدیلی سے مزئین ہوگا جس میں شہریوں کو بلا تفریق اُن کے حقوق دیے جائیں گے اور کوئی کسی کا حق نہیں مار سکے گا،ملک میں عمران خان کی قیادت میں کامیابیوں کا نیا سفر شروع ہونے والا ہے اور گزشتہ70برسوں کی ناکامیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے روائتی نظام میں تبدیلی لائیں گے اور آہنی عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسترد کردہ سیاستددان تحریک انصاف کے بارے میں بھی بدگمانیوں کا اظہار کر رہے ہیں اور 25جولائی کو عوامی اعتماد سے محروم ہونے والے اب ملک میں انتشار پھیلانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں، انتخابات میں دھاندلی کے متعلق اپوزیشن کا شور اور احتجاج بے وقت کی راگنی ہے، اقتدار کے پجاری احتساب سے بچنے کیلئے ایک مرتبہ پھر صف آرا ہورہے ہیںجن کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملنے والاپاکستان کی غیور اور باشعور عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ عوام نے پی ٹی آئی سے جو توقعات وابستہ کی ہیں انہیں عمران خان ضرور پورا کریں گے، عمران خان کی قیادت میں قوم کبھی مایوس نہیں ہوگی، بین الاقوامی سطح پر اپنا منفرد مقام رکھنے والے عمران خان کی قیادت میں ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات