حکومت کے ’’ٹوراز م کو ریڈو‘‘رکو تعمیر کرنے کے فیصلے سے انتہائی اہمیت کے حامل دور رس اقتصادی اور معاشی فوائد حاصل ہونگے،سردار مسعود خان

آزاد کشمیر دنیا کے خوب صورت ترین خطوں میں سے ایک ہے،سیاحت کو ترقی دے کر معاشی خودکفالت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پڑھے لکھے نوجوانوں کو باعزت اور باوقار روزگار مہیا کیا جا سکتا ہے،صدر آزاد کشمیر

جمعہ 17 اگست 2018 16:15

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر دنیا کے خوب صورت ترین خطوں میں سے ایک ہے جہاں سیاحت کو ترقی دے کر معاشی خودکفالت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پڑھے لکھے نوجوانوں کو باعزت اور باوقار روزگار مہیا کیا جا سکتا ہے۔ حکومت نے سیاحتی راہداری (ٹورازم کوریڈور) کو تعمیر کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے اس سے انتہائی اہمیت کے حامل دور رس اقتصادی اور معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار صدر نے ڈائریکٹر جنرل سیاحت سردار جاوید ایوب کی طرف سے محکمہ سیاحت کے بارے میں دی جانی والی بریفنگ کے دوران کیا۔ سیاحتی راہداری کو انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیتے ہوئے سردار مسعود خان نے کہا کہ یہ منصوبہ سیاحوں کو محفوظ اور پر کشش مقامات تک رسائی دینے میں اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ اس راہداری کے راستے پر واقع تمام مقامات اور علاقے لائن آف کنٹرول سے دور واقع ہیں جس کی وجہ سے سیاح بلا خوف و خطر ان علاقوں کی سیاحت کے لیے آ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کئی ایسے ممالک ہیں جن کی معیشت کا سارا دارومدار سیاحت کی آمدن پر ہے۔ آزاد کشمیر میں مواصلات کے نظام میں بہتری لا کر سیاحت کو ترقی دی جا سکتی ہے اور سیاحت کی ترقی سے آزاد کشمیر کی معاشی خود کفالت کی منزل قریب تر آ سکتی ہے۔ قبل ازیں صدر آزاد کشمیر کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سیاحت سردار جاوید ایوب نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں ہر سال اوسطاً بارہ سے پندرہ لاکھ سیاح آتے ہیں اور سب سے زیادہ سیاح وادی نیلم میں آتے ہیں۔

آزاد کشمیر آنے والے زیادہ تر سیاحوں کا تعلق پاکستان کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور فیصل آباد سے ہوتا ہے۔سیاحتی راہداری کے مجوزہ منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سیاحت نے کہا کہ سراں سے دیوی گلی تک دو سو کلومیٹر طویل دنیا کی خوب صورت چوٹیوں اور بلند و بالا سیاحتی مقامات کو باہم ملانے والا یہ منصوبہ آزاد کشمیر میں سیاحت کی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔

اس کے ساتھ ساتھ محکمہ سیاحت آزاد کشمیر جنوبی اضلاع میرپور، بھمبر اور کوٹلی میں بھی سیاحت کی ترقی کے لئے اہم اقدامات اٹھا رہا ہے۔ ان اقدامات میں منگلا میں واٹر سپورٹس شروع کرنے کے علاوہ اہم تاریخی قلعوں کی تزئین و آرائش کر کے انہیں سیاحوں کیلئے پر کشش بنانا بھی شامل ہے۔ ڈائریکٹر جنرل سیاحت کا کہنا تھا کہ وادی نیلم میں حکومت آزمائشی بنیاد پر ایکو ٹورازم کا ایک منصوبہ شروع کر رہی ہے جس کے تحت مقامی کمیونٹی کے افراد سیاحت کے لئے آنے والوں کو گھر کے ایک حصے میں رہائش و طعام کی سہولت مہیا کریں گے۔

اس مقصد کیلئے حکومت مقامی لوگوں کی مد کے لئے ایک مائیکرو کریڈٹ سکیم بھی شروع کر رہی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے مزید بتایا کہ اس وقت آزاد کشمیر میں سیاح ہماری استعداد سے زیادہ آ رہے ہیں۔ اس لئے اس شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر کو سرمایہ کاری کرنے کی تجویز پر بھی غور کر رہے ہیں۔ صدر سردار مسعود خان نے اس موقع پر کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ سیاحتی کوریڈور پاک چین اقتصادی کوریڈور کا حصہ بننے اور اس سلسلے میں چینی حکام سے بات چیت بھی کریں گے۔