پاکستان کوسٹ گارڈزکی اسمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیاں،

بھاری مقدار میں منشیات برآمد

جمعہ 17 اگست 2018 17:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) پاکستان کوسٹ گارڈز نے گذشتہ 15دنوں کے دوران مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی مقدا ر میں منشیات برآمد کرلی جبکہ غیر قانونی طور پر ایران جانے والے 8تارکین وطن کو گرفتار کرلیا ہے ۔ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق ناکہ کھاری چیک پوسٹ (بلوچستان) پر دوران چیکنگ ایک مزدا ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 60 کلو گرام افیون،04کلو گرام کرسٹل،02کلو گرام ہیروئین اور9.5کلو گرام اعلی کوالٹی کی چرس برآ مد کی جبکہ ایک او ر مسافراسمگلرز سی01کلو گرام ہیروئین برآمدکرتے ہوئے گرفتار کر لیاجس سے مزید تفتیش جاری ہے ۔

کراچی میں سپر ہائی وے کے قریب تین مختلف ٹرکوں کی تلاشی کے دوران 412 بوری چھالیہ اور30750پیکٹ انڈین گٹکا برآمد کیا اور07افراد کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاک ایران بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئی08تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا یہ تمام پاکستانی شہری ہیں اور غیر قانونی طور پر ایران جانیکی کوشش کر رہے تھے۔تمام اسمگل کی جانے والی منشیات ، انڈین گٹکا،چھالیہ،08اسمگلرز اور08تارکین وطن کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میںلے لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے ۔

پکڑی جانے والی منشیات ،متفرق اشیاء کی مالیت (54ملین روپے ) کے لگ بھگ ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میںبھی اس طرح کی کاروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تا کہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔