سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن نے سرمایہ کاروں کی آگاہی کے سلسلہ میں روٹری کلب آف اسلام آباد (میٹروپولیٹن) کے ممبرز کے لئے آگاہی ورکشاپ منعقد کی

جمعہ 17 اگست 2018 18:36

سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن نے سرمایہ کاروں کی آگاہی کے سلسلہ میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان ( ایس ای سی پی) نے سرمایہ کاروں کی آگہی کے پروگرام کے سلسلے میں روٹری کلب آف اسلام آباد (میٹروپولیٹن) کے ممبرز کے لئے ایک آگہی ورکشاپ منعقد کی۔ کلب کی صدرفاخرہ خانم اور سیکٹری شوکت مقدم نے ایس ای سی پی کے انویسٹر ایجوکیشن پروگرا م کی سربراہ خالدہ حبیب کو خوش آمدید کہا۔

خالدہ حبیب نے حاضرین کو ایس ای سی پی کے انویسٹر ایجوکیشن پراگرام کے متعلق بریفنگ دی۔ کلب کے اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ایس ای سی پی کے سفیر کے طور پر کام کریں گے اور سرمایہ کاری سے متعلق آگاہی دیگر لوگوں تک پہنچائیں گے۔ ورکشاپ کے شرکاء کو ایس ای سی پی کے کردار اور ذمہ داریوں کے متعلق آگاہ کیا گیا اور ایس ای سی پی کے پروگرام جمع پونجی کے متعلق بریفنگ دی گئی اور سرمایہ کاری کے لئے موجود قانونی اور بہتر مواقع کے متعلق بتایا گیا۔

(جاری ہے)

شرکاء کو بتایا گیا کہ سٹاک مارکیٹ کے بارے میں علم نہ رکھنے والے افراد کے لئے براہ راست سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کے بجائے میوچل فنڈز میں سرمایہ لگانا زیادہ محفوظ ہے جبکہ میوچل فنڈ میں سرمایہ کاری پر ٹیکس کی چھوٹ بھی حاصل ہوتی ہے۔ ایس ای سی پی کا یہ آگہی سیشن خصوصی طور پر روٹری کلب کے اراکین اور عہدے داروں کے لئے منعقد کیا گیا۔

معاشرے کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد اس کلب کے ممبر ہیں جس کا مقصد معاشرے کے ضرورت مند افراد کو مدد فراہم کرنا ہے۔ ورکشاپ کے شرکاء کو سرمایہ کاری کرتے ضروری اختیاط کی باتوں کے بارے میں بتایا گیا اور آگاہ کیا گیا کہ سرمایہ کاری کرتے وقت کن باتوں سے پرہیز کرنا چاہیے۔ ملک کے دور دراز اور نظر انداز کئے گئے علاقوں میں مالی خواندگی اور آگہی فراہم کرنا ایس ای سی پی کا مقصد ہے۔

کلب کے اراکین نے ایس ای سی پی کی جمع پونجی مہم میں دلچسپی کا اظہار کیا اور اس دوران ایس ای سی پی کے نمائندگان اور شرکاء کے مابین مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اسلام آباد میٹرو پولیٹن روٹری کلب کے صدر نے ایس ای سی پی کی کاوشوں کو سراہا اور تجویز دی کہ جمع پونجی کے سرمایہ کاری سے متعلق تعلیمی سیشن کا انعقاد ان کے روٹریکٹ کلب میں بھی کیا جانا چاہیے، جس کے اراکین کی عمر اٹھارہ تا تیس سال کے درمیان ہے۔ ایس ای سی پی کی انویسٹر ایجوکیشن پروگرام کی سربراہ خالدہ حبیب نے اس تجویز کو سراہا اور مالی آگاہی اجاگر کرنے کے لئے مستقبل میں روٹری کلب کے ساتھ تعاون کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔