کا شتکار چاول کی فصل سے بہتر پیداواری اہداف کے حصول کیلئے بارشوں کے ممکنہ نقصانات سے بچائو کی غرض سے بروقت اقدامات کریں ،محکمہ زراعت

جمعہ 17 اگست 2018 19:01

فیصل آباد۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) پنجاب میں 5.78ملین ایکڑ رقبہ پر کپاس ، 4.26ملین ایکڑ رقبہ پر چاول ،1.79ملین ایکڑرقبہ پر کماد اور 0.72ملین ایکڑ رقبہ پر مکئی کی فصل کاشت کر لی گئی ہے جبکہ کاشتکاروںکو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی فصلات سے بھرپور پیداوار لینے اورپیداواری اہداف کے حصول کیلئے بارشوں کے ممکنہ نقصانات سے بچائو کی غرض سے بروقت اقدامات کریں ۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ اس وقت یہ تمام فصلات پیداوار کے اہم مراحل پر ہیں لہٰذ اان فصلات کو بارشوں کے نقصانات سے بچانے اور بھرپور نگہداشت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ کھیتوں سے اضافی پانی جلد از جلد نچلے کھیتوں میں نکال دیں کیونکہ 24گھنٹے سے زیادہ پانی کھڑا ہونے پر پودوں کی نشوونما رُک جاتی ہے اور ان کی پیداوار پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کپاس کے کاشتکار اپنے کھیتوں سے اضافی پانی نکالنے کے ساتھ ساتھ کیڑوں کے تدارک کی طرف بھی خصوصی توجہ دیں کیونکہ جڑی بوٹیو ں اورزیادہ نمی کی صورت میں کپاس پر لشکری سنڈی اور چست تیلہ کا حملہ بڑھ جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بارانی علاقوں کے کاشتکار پانی کے نقصان سے بچنے اور نمی کو کھیتوں میں محفوظ کرنے کیلئے بروقت اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ امسال پنجاب میں کپاس کاپیداواری ہدف 10ملین گانٹھیں،چاول3.33ملین ٹن ، کماد 41ملین ٹن اور مکئی 3.09ملین ٹن مقرر کیا گیا ہے ۔انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ان فصلوں کے پیداواری اہداف کے حصول کیلئے کاشتکاروں کو بروقت راہنمائی مہیا کریں۔

متعلقہ عنوان :