Live Updates

22 سالہ جدوجہد کے بعد عمران خان اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22 ویں وزیر اعظم منتخب

ایوان میں جیت کا اعلان سُن کر خوشی سے آبدیدہ ہو گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 17 اگست 2018 18:07

22 سالہ جدوجہد کے بعد عمران خان اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22 ویں وزیر ..
اسلم آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22 ویں وزیر اعظم منتخب ہو گئے ہیں۔ عمران خان نیازی نے 176ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل وزیراعظم کے نامزد اُمیدوار شہبازشریف صرف 96 ووٹ حاصل کر سکے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قائد ایوان کے نام کا اعلان کیا اور کہا کہ عمران خان نیازی 176 ووٹ حاصل کر کے قائد ایوان منتخب ہو گئے ہیں۔

اپنی جیت کا اعلان سُن کرنو منتخب وزیر اعظم عمران خان بھی خوشی سے آبدیدہ ہو گئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے نتیجے کے اعلان کے بعد نو منتخب وزیراعظم عمران خان کے چہرے پر ایک فاتحانہ مُسکراہٹ تھی اور وہ بار بار آسمان کی طرف تشکرانہ انداز میں دیکھتے رہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے پر ٹویٹر اور فیس بُک صارفین سمیت تمام انٹرنیٹ صارفین نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے حامیوں اور ووٹرز کو مبارکباد پیش کی۔

ایک صارف نے عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد کی یاد دلائی اور کہا کہ عمران خان کو یہاں تک پہنچنے میں 22 سال لگے۔
ایک اور صارف نے عمران خان کے کرکٹ اور ورلڈ کپ کی یاد دلائی۔
ایک اور ٹویٹر صارف نے عمران خان کی تمام تر زندگی کی ٹائم لائن بتا دی۔
ایک صارف نے کہا کہ ہم تمام دنیا سے سابق وزرائے اعظم پر معذرت طلب کرتے ہیں ، یہ ہمارا موجودہ وزیراعظم ہے۔

اور ساتھ ہی عمران خان کی آج کی تصویر شئیر کر دی۔
یاد رہے کہ قائد ایوان کے انتخاب کے لیے اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ وزارت عظمٰی کے عہدے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے مابین مقابلہ ہوا جس میں عمران خان کامیاب ہوئے۔

عمران خان کو 176 ووٹ ملے جبکہ شہباز شریف نے 96 ووٹس حاصل کیے۔قومی اسمبلی کو دو لابیوں میں تقسیم کیا گیا۔ عمران خان کے حامیوں نے لابی ''اے'' اور شہباز شریف کے حامیوں نے لابی ''بی'' میں ووٹ کاسٹ کیا۔ نو منتخب وزیراعظم عمران خان کل 18اگست کو وزارت عظمیٰ کا حلف اُٹھائیں گے۔اسپیکر اسد قیصر کے اعلان کے بعد اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی بھی کی۔ جس پر اسپیکر اسمبلی اسد قیصر اپوزیشن اراکین کو نشست پر بیٹھنے کا کہتے رہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات