قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے احتجاج پر سپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کو آنے والے راستے میں کھڑے لوگوں کو ہٹا دیا

جمعہ 17 اگست 2018 20:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے احتجاج پر سپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کو آنے والے راستے میں کھڑے لوگوں کو ہٹا دیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے نکتہ ء اعتراض پر کہا کہ ایوان کے اندر مہمانوں کی گیلریوں میں کھڑے ہو کر لوگ نعرے بازی کر رہے ہیں، ایوان کے اندر آنے والے راستوں میں لوگ کھڑے ہیں، ان کو یہاں سے ہٹایا جائے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ آج اہم دن ہے، تیس سال سے ہم پارلیمنٹ کا حصہ ہیں، یہاں پر نامزد وزیراعظم بھی بیٹھے ہیں، خدا نہ کرے کوئی حادثہ ہو جائے۔ انہوں نے سپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ رول 24 پڑھ لیں جس کے بعد سپیکر قومی اسمبلی نے سارجنٹ کو ہدایت کی کہ وہ ایوان کے راستوں میں کھڑے لوگوں کو ہٹا دیں جس پر سارجنٹ نے راستے کلیئر کروا دیئے۔