کراچی کے بلدیاتی ملازمین کا سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کے دفتر پربھرپور طاقت کا مظاہرہ

ملازمین کے مطالبات منظور ،3ماہ کے 25فیصد اضافی الائونس ،عیدالاضحی پر ایڈوانس تنخواہ کی ادائیگی ،ملازمین کی کٹوتی کردہ تنخواہوں کی ادائیگی کے چیکس جاری

جمعہ 17 اگست 2018 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) کراچی کے بلدیاتی ملازمین کا سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کے ہیڈ آفس پر بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفتر کے اندر دھرنا دے دیا ۔دھرنا تین گھنٹے جاری رہا ۔بلدیہ شرقی ،بلدیہ جنوبی ،بلدیہ غربی کے ایم سی مشینری پول ،ملیر ،کورنگی اور بلدیہ وسطی کے ہزاروں ملازمین نے میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کی کال پر سولڈ ویسٹ کے دفتر پر احتجاج کیا ۔

ملازمین نے کچرہ گاڑیوں ،ٹریکٹر ٹرالیوں ،ڈمپرز ،اوپن ٹرکس کے ہمراہ بورڈ کے دفتر کا گھیرائو کرلیا۔اس موقع پرمظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صدر الائنس سیدذوالفقارشاہ ،جنرل سیکریٹری ملک نواز ،وارث گلناز ،پرویز حبیب نے کہا کہ گذشتہ سال عیدالاضحی پر کام کرنے کے باوجود اعزازیئے ادا نہ کرنے کے خلاف آج پورے کراچی کے بلدیاتی ملازمین متحد ہیں جبکہ چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری بھی نہیں دی گئی ۔

(جاری ہے)

ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کی جارہی ہے ۔حق کی آواز اٹھانے پر لیاری زون کی7ملازمین کے خلاف مقدمات درج کردیئے گئے ہیں ۔25فیصد اضافی الائونس بھی ادا نہیں کیا جارہا ہے ۔لٰہذا مطالبات کی منظوری تک کام نہیں کیا جائے گا ۔اس موقع پر مظاہرین کے درمیان آکر سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کے سیکریٹری نادر خان نے آکر بتایا کہ ایم ڈی صاحب سے الائنس کے صدر کی ٹیلی فونک بات چیت ہوگئی ہے ۔

مطالبات کو تحریری طور پر منظور کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اس موقع پر ایم ڈی سولڈ ویسٹ سعید احمد منگھیجو نے الائنس کی قیادت سیدذوالفقارشاہ ،ملک نواز ،پرویز حبیب ،جان محمد بلوچ ،عبدالعزیز سے بورڈ کے سیکریٹری نادر خان کے ہمراہ میٹنگ کی ۔میٹنگ میں طے پایا کہ الائنس کی پیش کردہ ،چارٹر آف ڈیمانڈ کی بورڈ کی آئندہ میٹنگ میں منظوری لی جائے گی ۔

تین ماہ کا 25فیصد اضافی الائونس ،عیدالاضحی پر ایڈوانس تنخواہ ملازمین کی کٹوتی کردہ تنخواہوں کی ادائیگی کے چیکس جاری کردیئے گئے ۔جبکہ اعزازیئے کے سلسلے میں ڈیڈ لاک برقرار رہا ۔بورڈ نے معاہدے کے تحت 1500سی2000ادا کرنے کا اعلان کیا جوکہ ملازمین نے لینے سے انکار کردیا ۔جس پر کمیٹی قائم کرکے 10روز میں رپورٹ پیش کرکے بورڈ سے منظوری کے بعد آدھی یاپوری بنیادی تنخواہ کی ادائیگی کی جائے گی ۔مظاہرین اس موقع پر پرامن طور پر منتشر ہوگئے اس موقع پر صالح شیدی ،منظورتنولی ،گل اسلام ،محمد شفیق ،شکورتنولی ،پھول محمد خان اوردیگر نے بھی خطاب کیا ۔