کرپٹ معاشی نظام، قرضوں اور سود کی لعنت عوام سے روزی اور عزت کی زندگی چھین رہاہے ‘لیاقت بلوچ

علما کو ہی اسلام کے معاشی نظام اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرناہے ‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

جمعہ 17 اگست 2018 22:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاکہ انتخابات 2018 ء میں مذہبی جماعتوں کو نشستیں کم ملی ہیں لیکن 55لاکھ ووٹ بڑا ووٹ بنک ہے ، سب متحد ہو جائیں تو یہی ووٹ بنک ڈیڑھ کروڑ بن جائے گا اور سیکولر مفاد پرست سیاست کی صف لپٹ جائے گی ۔ جمعیت اتحاد العلماء کی میزبانی میں علمائے کرام اور خطیب حضرات کے اعزاز میں عشائیہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ملک و ملت کے حالات کا تقاضا ہے کہ اپنے گروہی افکار و نظریات کی خاطر باہم دست و گریبان ہوکر نظام مصطفیٰؐ کے راستے کی رکاوٹ نہ بناجائے ۔

علما و مشائخ ،پیران کرام ملکی سا لمیت کے تحفظ ، اسلامی سیاست و تہذیب کی اشاعت اور قرآن وسنت کی بالادستی کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں وقف کر دیں ۔

(جاری ہے)

تفرقہ اور باہمی انتشار دین دشمنوں کے دلوں میں ٹھنڈک پیدا کرتاہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پوری امت بے شمار مشکلات کاشکار ہے ۔ اغیار اور استعمار اہل اسلام پر ظلم ، جبر ، لالچ اور خوف مسلط کر رہاہے لیکن شریعت سے روگردانی، باہمی افتراق و انتشار اور مصائب میں مسلسل اضافہ کر رہاہے ۔

کرپٹ معاشی نظام، قرضوں اور سود کی لعنت عوام سے روزی اور عزت کی زندگی چھین رہاہے ۔ علما کو ہی اسلام کے معاشی نظام اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرناہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ علما ء و مشائخ کو اللہ کے دین اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مشن کا وارث بنایا گیاہے ۔ آج باطل نظریات ، الحاد ، دہریت ، اباحیت اورمغربی تہذیب و نظریات کے مقابلہ میں علماء و مشائخ نے ہی قوم کی قیادت اور رہنمائی کرنی ہے ۔