Live Updates

عمران خان کو پاکستان کا بائیسواں وزیر اعظم منتخب ہونے پرمبارک باد پیش کرتے ہیں‘میاں مقصود احمد

حقیقی تبدیلی کیلئے عمران خان کو اپنے اردگرد وڈیروں،جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے جان چھڑائیں‘تقریبات سے خطاب

جمعہ 17 اگست 2018 22:54

عمران خان کو پاکستان کا بائیسواں وزیر اعظم منتخب ہونے پرمبارک باد پیش ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اورامیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصو د احمد نے کہاہے کہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کو پاکستان کا بائیسواں وزیر اعظم منتخب ہونے پرمبارک باد پیش کرتے ہیں۔دو پارٹی نظام نے پاکستان کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا یا ہے ۔ ملک و قوم اس وقت سنگین قسم کے مسائل کا شکار ہیں ۔

ہم اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ عمران خان ملک وقوم کو درپیش مسائل کو ترجیجی بنیادوں پر حل کریں گے ۔عمران خان نے دوبڑی برسراقتدار پارٹیوں کو کرپٹ قرار دیا تھااورعوام سے اپنی انتخابی مہم کے دوران یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ برسراقتدار آکرملک میں تبدیلی لائیں گے اور کرپشن سے پاک نیاپاکستان بنائیں گے۔اب ان کا یہ کڑاامتحان ہوگاکہ وہ اپنے وعدوں کے مطابق عمل کرپاتے ہیں یانہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں ایسا نظام چا ہتے ہیںجس میں غریب اور کمزوروں کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں جو وزیروں اورمشیروں کو حاصل ہوتے ہیں ۔ جماعت اسلامی کی منزل ملک میں شاندار اسلامی انقلاب ہے ۔عمران خان نے پاکستان کو مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنانے کابھی جو اعلان کیاتھا ،اب انہیں اپنے کہے کی لاج رکھنی چاہئے،قوم ان کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر عمران خان ملکی میں بہتری اور حقیق تبدیلی لاناچاہتے ہیں تو وہ اپنے اردگرد وڈیروں،جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے اپنی جان چھڑائیں،ان کے ساتھ جو روایتی سیاستدان لگے ہوئے ہیں اس سے تبدیلی کافلسفہ پوراہوتانظر نہیں آتا۔انہوں نے کہاکہ حالیہ لاہور اور کراچی میں ہونے والے پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کے عام لوگوں پر تشددکرنے کے واقعات افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں۔

عمران خان کواب ان واقعات کونہ صرف کنٹرول کرنا چاہئے بلکہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی بھی کرنی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے پاناماکیس اورکرپشن کے خلاف جدوجہد کی تھی ۔سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیر اعظم نوازشریف کونااہل کیاجاناایک اچھافیصلہ تھا۔اس کامیابی پرامیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق مبارک باد کے مستحق ہیں۔جماعت اسلامی آئندہ بھی کرپشن کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات