Live Updates

عمران خان عوامی طاقت سےپہلےوزیراعظم بنے،چودھری شجاعت

مجھ سمیت پہلے21 وزیراعظم بنائے گئے، جن میں2 وزیراعظم میں نے اپنے ہاتھوں سے بنوائے تھے،ملکی وقار، تباہ شدہ معیشت کی بحالی کیلئے سب ان کا ساتھ دیں۔سربراہ مسلم لیگ ق کا نومنتخب وزیراعظم عمران خان کومبارکباد کا پیغام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 اگست 2018 20:41

عمران خان عوامی طاقت سےپہلےوزیراعظم بنے،چودھری شجاعت
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اگست 2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جو عوام کی طاقت سے بن کر آئے ہیں اس سے پہلے مجھ سمیت 21 وزیراعظم بنائے جاتے تھے جبکہ ان میں سے دو وزیراعظم میں نے خود اپنے ہاتھ سے بنوائے تھے۔ انہوں نے عمران خان کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان 22 سال ایک مقصد اور ایک سوچ کے ساتھ محنت کر کے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں جبکہ اس سے پہلے کوئی بھی ایسے وزیراعظم نہیں تھے جو عملی طور پر تگ و دو کر کے اس منصب پر پہنچے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو چاہئے کہ ان کے عوام کی خدمت کرنے کے جذبہ کی قدر کریں اور پاکستان کے دنیا میں وقار اور تباہ شدہ معیشت کی بحالی کا انہوں نے جو عزم کیا ہے اس میں ان کا ساتھ دیں، ان کے ساتھ چلیں اور مدد کریں، اپنے اختلافات کو بھول جائیں تاکہ عمران خان اپنے 22 سالہ مقصد کو پورا کر سکیں۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ میں عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ہم پر جو اعتماد کیا اور چودھری پرویزالٰہی کو سپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدہ کیلئے نامزد کیا جو بھاری اکثریت سے منتخب ہوئے، ہم انشاء اللہ ان کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

واضح رہے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے، عمران خان نیازی نے 176ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل وزیراعظم کے نامزد امیدوار شہبازشریف کوصرف96 ووٹ ملے،عمران خان کل 18اگست کووزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔ نومنتخب وزیراعظم عمران خان نیازی کی تقریب حلف برداری کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ جس کے تحت نومنتخب وزیراعظم عمران خان کل صبح ساڑھے 9 بجے حلف اٹھائیں گے۔ صدر مملکت ممنون حسین ایوان صدر میں وزارت عظمیٰ کا حلف لیں گے۔ اس موقع پرتقریب میں عسکری سربراہان ، سیاسی قیادت اور اپوزیشن لیڈر شپ سمیت دیگر مہمانان کودعوت دی گئی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات