عید الاضحی ،ایم سی آئی کے 2000سینٹری ورکروں کے علاوہ دیگر شعبوں کے متعلقہ ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

جمعہ 17 اگست 2018 23:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2018ء) عید الاضحی کے موقع پر سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے 2000سینٹری ورکروں کے علاوہ دیگر شعبوں کے متعلقہ ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کا یہ عملہ عید کے دنوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اُٹھانے کے خصوصی آپریشن میں حصہ لے گا۔

علاوہ ازیں عید الاضحی کے موقع پر اسلام آباد کو صاف ستھرا رکھنے اور مرکزی عید گاہوں کے علاوہ دیگر مقامات کی بھی صفائی کویقینی بنایا جائے گا۔مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی ہدایت پر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے عید الاضحی پر قربانی کے جانوروں کی اوجڑیاں اور دیگر آلائشیں اُٹھانے کے لئے کئے جانے والے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے تحت سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے دو ہزار سینٹری ورکرز کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں جبکہ سینی ٹیشن اور دیگر ڈائریکٹوریٹس کی 100سے زائد گاڑیاں بھی اس آپریشن میں حصہ لیں گی ۔

(جاری ہے)

اس خصوصی آپریشن کے لئے اسلام آباد شہر کو پانچ زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ زون ون میں سیدپور ماڈل ویلج، G-5 ،E-7 ،F-5 ، F-6 ، F-7، F-8 ، F-10 ،F-11 اورگولڑہ ، جبکہ زون ٹوG-6، G-7 ،G-8 اور بلیو ایریا پر مشتمل ہو گا، اسی طرح زون تھری میں G-9 ، G-10 ،G-11 اور میرا آبادی جبکہ زون فور میںسیکٹرI-8،H-8، I-9 ، H-9 ، I-10 ، I-11 اور آئی جے پی روڈ کے علاقے شامل ہیںجبکہ زون فائیو اسلام آباد ایکسپریس وے کے مشرقی علاقوں سوہان، کھنہ ڈاک، لہتراڑ روڈ کے ملحقہ علاقے ترلائی، علی پور ، فراش ٹائون کے علاوہ چار ماڈل ٹائون اور بھارہ کہو کے علاقے شامل ہیں۔

علاوہ ازیںقربانی کے جانوروں کی اوجڑیاںاور دیگر آلائشوں کو تلف کرنے کے لئے 30مختلف مقامات پر 60 سے زائدگڑھے کھودے گئے ہیں۔مزید براںدو ایمرجنسی سیل قائم کر دئے گئے ہیں، جو کہ سینی ٹیشن ڈئریکٹوریٹ کے مرکزی دفتر واقع جی سکس ون فور اور ٹرانسپورٹ سیکشن واقع فائر ہیڈ کوارٹرز،جی سیون فور میں دن رات کام کریں گے۔ایم سی آئی نے اسلام آبادکے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ قربانی کے جانور جہاں ذبح ہوں، ان کی اٴْجڑیاں اور دیگر الائشیںوہیں رکھیں، تاکہ عملہ صفائی اٴْس کو فوری طور پر اٴْٹھا کر لے جائے۔

اوجڑیاںنالوں، جنگلوں اور کوڑے دانوں اور گاربیج ٹرالیوں و اسکپوں میں بھی نہ ڈالی جائیں تاہم کسی قسم کی شکایت کی صورت میںشہری سینی ٹیشن ہیلپ لائن نمبر1334 یا 9213908 اور ٹیلی فون 9211555 پر رابطہ کر سکتے ہیں جہاں سینی ٹیشن کا عملہ ان شکایات کا فوری ازالہ کر ے گا۔ مزید برآں شہری بذریعہ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ بھی اپنی شکایات کا اندارج موبائیل نمبر 0335-5001213پر کروا سکتے ہیں۔