انویسٹی گیشن پولیس صدر ڈویژن نے اغواور ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر کے مغوی کو بازیاب کر لیا

ہفتہ 18 اگست 2018 00:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) انویسٹی گیشن پولیس صدر ڈویژن نے اغوا اور ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث 4 ملزمان کوگرفتار کر کے اغوا ہونے والے عابد کو بازیاب کروالیااور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان سے لاکھو ں روپے مالیت کی قیمتی اشیاء نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمد کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن اویس احمدکی واضح ہدایات کی روشنی میں انویسٹی گیشن پولیس کی سپیشل ٹیمیں جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف دن رات سر گرم عمل ہیں۔

ایس پی صدر انویسٹی گیشن محمدراشد ہدایت نے انچارج انویسٹی گیشن مصطفی ٹائون سب انسپکٹر فلک شیراور انچارج انویسٹی گیشن قائداعظم انڈسٹریل ااسٹیٹ سب انسپکٹر امتیاز احمد واہلہ اوردیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔

(جاری ہے)

انچارج انویسٹی گیشن مصطفی ٹائون کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے اغوا کے مقدمہ میں ملوث ملزمان چوہدری سفیان علی اور اس کے ساتھی عدنان علی کو نواں کوٹ کے علاقہ سے گرفتار کر کے اغوا ہونے والے محمد عابد کو بازیاب کروالیا ۔

دوران تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا کہ ہمارا مغوی عابد کے ساتھ پیسوں کا لین دین تھا جو کہ عابد ہمیں نہیں دے رہا اس وجہ سے ہم نے اس کو اغوا کیا۔ اسی طرح انچارج انویسٹی گیشن قائداعظم انڈسٹریل ااسٹیٹ اور ان کی ٹیم نے ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میںملوث عامری ڈکیت گینگ کے سرغنہ عامر عرف عامری اور اس کے ساتھی شکیل عرف بوراکو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 3 موٹر سائیکل ، 9 موبائل فونز، 3 لیپ ٹاپ ، 3 ایل سی ڈیزاور ناجائزاسلحہ برآمد کر لیا ہے ۔

دوران تفتیش ملزمان نے تھانہ گرین ٹائون ، ٹائون شپ ، لیاقت آباد ، رائے ونڈ ، مانگا منڈ اور سند ر کے علاقوں میں درجنوں مزید وارداتوں کا بھی انکشاف کیا ہے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور کئی بار جیل بھی جا چکے ہے اور جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیںکر نا شروع کر دیتے تھے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن اویس احمدنے اغوا اور ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر پولیس ٹیموں کے لئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیاہے