Live Updates

عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی اپیل پر گستاخانہ خاکوں کے خلاف ملک بھر میں ’’یوم مذمت‘‘ منایا گیا

ہفتہ 18 اگست 2018 00:02

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی اپیل پر گستاخانہ خاکوں کے خلاف ملک بھر میں ’’یوم مذمت‘‘ منایا گیا، مبلغین ختم نبوت اورمساجد کے خطباء کرام نے اجتماعات جمعہ میں مذمتی قراردادیں منظور کیں اور عمران خان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی وزارت عظمیٰ کا آغازتحفظ نامو س رسالت سے کریں۔

عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنمائوں مولاناتوصیف احمد،مولاناقاضی احسان احمد،مفتی محمدراشد مدنی، مولانامحمدحسین ناصر،مولاناتجمل حسین،مولانامختار احمد،مولانامحمدحنیف سیال دیگر نے حیدرآباد ،کراچی،نواب شاہ ،سکھر،میرپورخاص اور بدین ڈویژنز کے اضلاع میں جمعة المبارک کے بڑے اجتماعات سے خطاب کیا، علماء کرام نے کہا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت ڈیڑھ ارب مسلمانوں پر حملہ اور بدترین دہشت گردی ہے۔

(جاری ہے)

توہین آمیز خاکے بنانے والے امن عالم کے دشمن ہیں، امت مسلمہ اپنے آقائے کریم ؐ کے ناموس کے تحفظ کیلئے پوری قوت ایمانی کیساتھ اٹھ کھڑی ہو اور اس شیطانی عمل کو روکنے کیلئے مناسب اقدامات اٹھائے، مسلم حکمران عالمی سطح پر تحفظ ناموس رسالت ؐ کیلئے قانون سازی کروائیں اور اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات اٹھائیں، انہوں نے کہا کہ کوئی تہذیب ڈیڑھ ارب افراد کے دینی جذبات کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔

جبکہ مادر پدر آزاد ممالک میں دو طرفہ رضا مندی کے بغیر کسی کو چھونے سے بھی سزا ہوتی ہے لیکن توہین آمیز خاکے بنانیوالے اپنے شیطانی عمل سے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کو خون کے آنسو رولا رہے ہیں اور اقوام متحدہ انکے اس مفسدانہ عمل کو روکنے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کررہی، خطباء ،علماء اور شہریوں نے آرمی چیف،چیف جسٹس اور صدرپاکستان سے اپیل کی کہ گستاخانہ خاکوں پر موثر احتجاج ریکارڈ کرایا جائے جبکہ نومنتخب حکومت خصوصاًعمران خان اپنی حکومت کا آغازتحفظ ناموس رسالت کے عملی اقدام سے کریں،تحریک انصاف ہالینڈحکومت کے خلاف بھرپورتواناآوازبلند کرکے اپنی غیرت ایمانی کا ثبوت دے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات