Live Updates

جہانگیر ترین وزیراعلی پنجاب بننے کیلئے منصوبہ بندی مکمل کر لی

فی الحال ایک کمزور شخص کو وزیراعلی پنجاب بنایا جائے گا، جہانگیر ترین ممکنہ طور پر اگلے چند ماہ میں اپنی سزا ختم کروا کر وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھال لیں گے: ڈاکٹر معید پیرزادہ

muhammad ali محمد علی جمعہ 17 اگست 2018 22:14

جہانگیر ترین وزیراعلی پنجاب بننے کیلئے منصوبہ بندی مکمل کر لی
لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اگست 2018ء)   جہانگیر ترین وزیراعلی پنجاب بننے کیلئے منصوبہ بندی مکمل کر لی، فی الحال ایک کمزور شخص کو وزیراعلی پنجاب بنایا جائے گا، جہانگیر ترین ممکنہ طور پر اگلے چند ماہ میں اپنی سزا ختم کروا کر وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھال لیں گے: ڈاکٹر معید پیرزادہ کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ اور وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی پنجاب کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے سردار عثمان بزدار کو وزیراعلی پنجاب بنانے کا اعلان کیا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے اپنے فیصلے سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سردار عثمان بزدار کو وزیراعلی بنانے کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کیونکہ ان کا تعلق ایک غریب علاقے سے ہے، اور وہ خود غربت دیکھ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

عثمان گزدار بخوبی جانتے ہیں کہ غریب اور پسماندہ علاقوں اور غریب عوام کے مسائل کیا ہیں۔ سردار عثمان پاکستان کے وہ واحد ایم پی اے ہیں جن کے گھر میں بجلی نہیں ہے۔ انشاء اللہ ہماری نچلے طبقے کو اٹھانے سے متعلق جو ویژن ہے اس ویژن کو پورا کرنے میں عثمان بزدار جو کہ ایک ایماندار انسان ہیں، اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف نے وفاق اور خیبرپختوںخواہ میں فتح حاصل کرنے کے علاوہ پنجاب میں متاثر کن کامیابی حاصل کی۔

تحریک اںصاف اور مسلم لیگ ن کے درمیان 25 جولائی کے انتخابات کے نتائج میں پنجاب میں مقابلہ برابر رہا تھا۔ تحریک انصاف کو پنجاب اسمبلی کی 123 جبکہ مسلم لیگ ن کو پنجاب اسمبلی کی 129 نشستوں پر فتح حاصل ہوئی تھی۔ تاہم بعد ازاں آزاد اراکین کی شمولیت کے بعد تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن پر واضح برتری حاصل کر لی تھی۔ جبکہ مسلم لیگ ق کی حمایت کے باعث تحریک انصاف پنجاب اسمبلی میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی تھی۔

پنجاب اسمبلی میں اب تک اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہیٰ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر جبکہ تحریک انصاف کے دوست محمد مزاری پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب کر لیے گئے تھے۔ پنجاب اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد اب وزیراعلی پنجاب کے نام کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جمعہ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کے نام کا اعلان بھی کردیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سردار عثمان گزدار کو وزیراعلی پنجاب بنانے کا اعلان کیا ہے۔ سردار عثمان گزدار کا تعلق پنجاب کے پسماندہ علاقے تونسہ شریف سے ہے۔ جبکہ واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی کا انتخاب پیر کے روز شیڈول اجلاس میں مکمل کیا جائے گا۔

تاہم دوسری جانب معروف صحافی معید پیرزادہ نے اس حوالے سے تہلکہ خیز دعویٰ کیا ہے۔ معید پیرزادہ کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کی جانب سے نامزد کردہ وزیراعلی پنجاب صرف چند ماہ کیلئے اس عہدے پر براجمان رہیں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین وزیراعلی پنجاب بننے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ جہانگیر ترین ممکنہ طور پر اگلے چند ماہ میں سپریم کورٹ سے اپنی نااہلی کی سزا ختم کروا لیں گے۔ اس کے بعد جہانگیر ترین ضمنی الیکشن لڑ رہے پنجاب اسمبلی کا حصہ بنیں گے اور پھر وزارت اعلی پنجاب کا عہدہ سنبھال لیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات