Live Updates

عمران خان اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،

عمران خان کسی ایک جماعت کے نہیں بلکہ پورے ملک کے وزیراعظم ہیں، ہمیں توقع ہے کہ بطور وزیراعظم عمران خان عوام کے مسائل حل کریں گے، دہشت گردی کے تمام واقعات کی تحقیقات کے لئے ٹربیونل قائم کیا جائے، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان پر مشتمل کمیشن قائم کر کے سارے انتخابی عمل کی تحقیقات کرائی جائیں، ملک کو پانی کے بحران، پاکستان کی عالمی سطح پر تنہائی اور معیشت کی بدحالی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، اس حوالے سے ہم نئی حکومت کے متبادل اصلاحاتی پروگرام کا انتظار کریں گے، اگر حکومت نے پاکستان کے عوام کے مسائل کے حل کو اپنا مقصد بنایا تو ہم حکومت کا ساتھ دیں گے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا قومی اسمبلی میں خطاب

ہفتہ 18 اگست 2018 00:04

عمران خان اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نومنتخب قائد ایوان عمران خان اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کسی ایک جماعت کے نہیں بلکہ پورے ملک کے وزیراعظم ہیں، ہمیں توقع ہے کہ بطور وزیراعظم عمران خان ملک کے عوام کے مسائل حل کریں گے، دہشت گردی کے تمام واقعات کی تحقیقات کے لئے ٹربیونل قائم کیا جائے، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان پر مشتمل کمیشن قائم کر کے سارے انتخابی عمل کی تحقیقات کرائی جائیں، جس کی لاٹھی اس کی بھینس والے طرز عمل کی قیمت ہماری آئندہ آنے والی نسلیں ادا کریں گی، ملک کو پانی کے بحران، پاکستان کی عالمی سطح پر تنہائی اور معیشت کی بدحالی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، اس حوالے سے ہم نئی حکومت کے متبادل اصلاحاتی پروگرام کا انتظار کریں گے، اگر حکومت نے پاکستان کے عوام کے مسائل کے حل کو اپنا مقصد بنایا تو ہم حکومت کا ساتھ دیں گے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آج میری پہلی تقریر ہے مگر بڑی جماعتوں نے جو منظر پیش کیا اس کو پاکستان کے عوام نے پسند نہیں کیا، حزب اقتدار کی جماعت کا احتجاج بھی اچھا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں الله تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میں اس ایوان کا رکن منتخب ہوا ہوں، یہ ایوان سپریم ادارہ ہے اور تمام اداروں کی ماں کا درجہ رکھتا ہے، 1973ء کا آئین بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ایوان سے منظور کرایا، محترمہ بے نظیر بھٹو بھی اس ایوان سے مسلم امہ اور پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئیں، یہ ایوان عوام کا گھر ہے۔

انہوں نے سپیکر کو بھی سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور توقع ظاہر کی کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر اس ایوان کی بالادستی اور وقار کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے پشاور کے شہدا، اکرام الله گنڈا پور، کوئٹہ مستونگ کے شہدا سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے تمام واقعات کی تحقیقات کے لئے ٹربیونل قائم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے نتائج میں تاخیر، الیکشن سے قبل دھاندلی اور الیکشن کے بعد دھاندلی ہوئی، آر ٹی ایس سسٹم کی ناکامی اور فارم 45 کی عدم فراہمی بڑا مسئلہ ہے۔ پیپلز پارٹی نے انتخابی نتائج کو مسترد کرنے کے باوجود جمہوری عمل کے تسلسل کی خاطر یہاں آنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب وزیراعظم کو بھی اپوزیشن جماعتوں کا شکریہ ادا کرنا چاہئے، تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر انتخابی عمل کی تحقیقات کے لئے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان پر مشتمل کمیشن قائم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار پر قدغن لگائی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس والے فارمولے کی وجہ سے آنے والی نسلیں قیمت ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی نوکریوں، جنوبی پنجاب صوبے، پانی کے بحران جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ نومنتخب وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ وہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے، ہم ان کے متبادل پروگرام کا انتظار کر رہے ہیں، پاکستان دنیا میں تنہائی کا شکار ہو رہا ہے حالانکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف گراں قدر قربانیاں دی ہیں، پاکستان مسئلے نہیں مسئلے کا حل چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد یقینی بنائے گی۔ انہوں نے عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں یاد دلاتے ہیں کہ وہ کسی ایک جماعت کے نہیں پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ عمران خان وزیراعظم پاکستان کی حیثیت سے ماضی کی سخت سیاست کی بجائے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی کسی سطح پر بھی نفی ہوئی اور جمہوریت اور عوام کے مفادات پر کبھی بھی سمجھوتہ کیا گیا تو ہم اس کی سخت مخالفت کریں گے، اگر حکومت نے پاکستان کے عوام کے مسائل کے حل کو اپنا مقصد بنایا تو ہم ساتھ دیں گے۔ f-msf-atr-zaa/mik/mhs/yas/asr 2122
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات