سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت خواتین اراکین قومی اسمبلی کا اجلاس

قومی اسمبلی کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے آئینی انداز میں چلانے پر مشاورت

ہفتہ 18 اگست 2018 00:09

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت خواتین اراکین قومی اسمبلی کا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت خواتین اراکین قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے آئینی انداز میں چلانے پر مشاورت کی گئی۔ سپیکر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں خواتین اراکین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور 14ویں قومی اسمبلی میں خواتین اراکین کی جانب سے ایوان کی کارروائی میں جس بھر پور انداز میں حصہ لیاگیا وہ قابل ستائش ہے۔

سپیکر نے خواتین اراکین کو قانون سازی کے عمل میں حصہ لینے کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی کارروائی کو ایوان میں مکمل غیر جانب داری سے چلایا جائے گا اور بغیر کسی امتیاز اور جماعتی وابستگی کے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

(جاری ہے)

سپیکر نے اس موقع پر خیبر پختونخوا اسمبلی میں بطور سپیکر اپنے تجربات کا ذکر کر تے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ اسمبلی میں خواتین کا کس نے قانون سازی کے عمل میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں اور خواتین اراکین کی حاضری اوراسمبلی کی کارروائی میں گہری دلچسپی کے باعث ریکارڈ قانون سازی ممکن ہو سکی۔

انہوں نے خواتین اراکین کو مساوی حقوق اور اختیارات دینے اور گھریلو خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے تر جیحی بنیادوں پر قانون سازی عمل میں لانے کا یقین دلایا۔سپیکر نے خواتین اراکین پارلیمنٹ کو جماعتی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر قانون سازی کے عمل میں حصہ لینے اور اپنا کردار ادا کرنے کے لیے کہا۔ خواتین اراکین قومی اسمبلی نے اسد قیصر کوقومی اسمبلی کا سپیکر منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور ان کی صلاحیتوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے سپیکر کو ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لیے اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔اجلاس میں قومی اسمبلی میں موجود تمام پارلیمانی جماعتوں کی خواتین اراکین قومی اسمبلی نے شر کت کی۔