28 سال پہلے گم ہونے والا کونٹیکٹ لینز عورت کی آنکھ کے پیوٹے میں ہی موجود تھا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 17 اگست 2018 23:37

28 سال پہلے گم ہونے والا کونٹیکٹ لینز عورت کی آنکھ کے پیوٹے  میں ہی موجود ..
42 سالہ خاتون کا خیال تھا کہ 28 سال پہلے اُن کی آنکھ میں لگا   کونٹیکٹ لینز  گر گیا ہے لیکن اب پتا چلا ہے کہ یہ کونٹیکٹ لینز اس تمام عرصے میں اُن کی آنکھ میں ہی موجود تھا۔کمزور نظر کے افراد کے لیے عینک کے مقابلے میں کونٹیکٹ لینز کسی نعمت سے  کم نہیں لیکن یہ کبھی کبھی زحمت بھی بن جاتا ہے۔ کونٹیکٹ لینز آنکھ کے پپوٹوں میں اس طرح بھی  گم  ہو سکتا ہے کہ آپ کو اس کی خبر بھی نہ ہو، جیسا کہ ان خاتون کے ساتھ ہوا ہے۔


ڈنڈی، سکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والی 42  سالہ خاتون، جن کا نام نہیں بتایا گیا،  اپنے ڈاکٹر کے پاس گئیں تاکہ  اپنی بائیں آنکھ کا اوپر کا پپوٹا چیک  کرا سکیں ۔  یہ پپوٹا چھ ماہ سے سوجا ہوا اور بوجھل تھا۔ ان  خاتون کو  نائن ویلز ہوسپیٹل اینڈ میڈیکل سکول کے آنکھوں کے سپیشلسٹس سرجھون پٹیل، لائی لنگ ٹان اور ہیلن مورگاٹروئیڈ کے پاس بھیجا گیا۔

(جاری ہے)

ایم آر آئی سے پتا چلا کہ ان خاتون کی آنکھ میں 6 ملی میٹر کی  سیال یا نیم ٹھوس مادے سے بھری ہوئی جھلی دار تھیلی  ہے۔اس پر ڈاکٹروں  نے خاتون کو سرجری کے لیے ٹائم دے دیا۔ سرجری کے دوران جب جھلی دار تھیلی کو چیرا گیا تو اس میں سے ایک بالکل ٹھیک حالت میں آر جی پی لینز نکل آیا۔
طبی جریدے جی ایم جے میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق آنکھ کے پپوٹوں میں لینز کی وجہ سے زخم وغیرہ کا کوئی نشان نہیں تھا۔

خاتون کا اصرار تھا کہ انہوں نے کئی دہائیوں سے اس طرح کا لینز نہیں پہنا، انہیں نہیں  معلوم کہ یہ لینز آنکھ میں کیسے پہنچا۔ جب خاتون کی ماں سے سوال و جواب ہوئے تو انہیں یاد آیا کہ ان کی بیٹی 14 سال کی عمر میں بیڈ منٹن کھیلتی تھی۔ ایک بار شٹل کاک اُن کی بیٹی کی آنکھ میں لگا تھا۔ اس وقت اُن کی بیٹی نے آنکھ میں لینز لگایا ہوا تھا، جو بعد میں کہیں نہیں ملا تھا۔

اس سے یہی سمجھا گیا کہ لینز کہیں گر گیا ہے۔شروع میں متاثرہ خاتون کی آنکھوں میں سوجن ہوئی لیکن جلد ہی لینز آنکھ کے اندر چلا گیا۔ آنکھ میں درد ختم ہوا تو خاتون کے گھر والوں نے سمجھا کہ سب کچھ  ٹھیک ہے۔اگلے 28 سالوں میں یہ لینز آنکھ کے پپوٹوں کے اندر چلا گیا ۔
اگر آپ سوچ رہے ہیں کونٹیکٹ لینز تو کافی خطرناک ہوتے ہیں، ان کی بجائے دوبارہ عینک استعمال کرنا شروع کر دیں تو پریشانی کی بات نہیں۔ حقیقت میں آج تک صرف چار ایسے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں کسی چوٹ کی وجہ سے لینز آنکھ کے اندر چلا جائے۔

متعلقہ عنوان :