الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا

ہفتہ 18 اگست 2018 00:09

الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے‘ ملک بھر میں ضمنی الیکشن 14 اکتوبر کو منعقد ہوں گے جس میں امیدواروں کی جانب سے خالی کی گئی اضافی نشستوں پر پولنگ ہوگی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق امیدواروں سے کاغذات نامزدگی 28 سے 30 اگست تک وصول کئے جائیں گے جس کے بعد ان کی جانچ پڑتال کا کام ہوگا جو 4 ستمبر تک مکمل کی جائے گی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کے خلاف جن امیدواروں کو اعتراض ہوگا وہ 8 ستمبر تک اپیلیں دائر کر سکیں گے ، اپیلٹ ٹریبونل ان درخواستوں کو 13 ستمبر تک ہر صورت نمٹائیں گے جس کے بعد امیدوار کاغذات نامزدگی 15 ستمبر تک واپس لے سکیں گے۔کاغذات نامزدگی کا عمل مکمل ہونے کے بعد حتمی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا اور 16 ستمبر کو انہیں انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔ تمام مراحل کی تکمیل کے بعد 14 اکتوبر کو پولنگ کا عمل ہوگا اور ووٹوں کی گنتی کے بعد کامیاب امیدوار کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔