جشن آزادی کنسرٹ دیا میر بھاشا ڈیم کیلئے عطیات اکٹھے کرنے کیلئے ایک تحریک کا نقطہ آغاز ہے،ترجمان

ہفتہ 18 اگست 2018 00:10

لاہور۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) حکومت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ دیا میر بھاشا ڈیم قومی تعمیر و ترقی کامنصوبہ ہے‘ آج (ہفتہ 18اگست کو)نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقد کیا جانے والا جشن آزادی کنسرٹ اس منصوبے کی افادیت اور اہمیت کے بارے میں قوم میں شعور بیدار کرنے اور عطیات اکٹھے کرنے کی خاطر ایک تحریک کا نقطہ آغاز ہے - مقامی تاجروں کے تعاون سے ایل ڈی اے کی طرف سے منعقد کیا جانے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جو دوسرے محکموں‘ تنظیموں اور اداروں کے لئے مثال ثابت ہوگا - ملک کے دوسرے شہروں اور علاقوں میں اس طرح کے پروگرام دیا میر بھاشا ڈیم کے لئے فنڈ اکھٹے کرنے کے لئے معاون ہوں گے ۔

حکومت پنجاب کے ترجمان کے مطابق قیام پاکستان کی منزل حاصل کرنے کے بعد اس وقت ہمیں استحکا م پاکستان کے لئے مختلف طرح کے چیلنجوں کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی معاشی ترقی ‘عوام کی خوشحالی اور شہریوں کو زندگی کی بنیادی ضرورتوں کی فراہمی جیسے اہم اہداف حاصل کئے بغیر وطن عزیز کو ناقابل تسخیر نہیں بنایا جا سکتا۔معاشی خود کفالت کے حصول کے لئے ہم سب کو اپنے اپنے دائرہ کار میں محنت اور جانفشانی کے ساتھ کام کرنا ہوگا ۔

کنسرٹ کے ٹکٹ بینک آف پنجاب کی تمام شاخوں پر فروخت کئے جار ہے ہیں۔ کنسرٹ میں داخلہ 100روپے کے ٹکٹ کے ذریعے ہو گا ۔میوزیکل کنسرٹ میں شفقت امانت علی، پپو سائیں اور حمیرہ ارشد اور جل بینڈ سمیت معروف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر آتش بازی کاشاندار مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ ایک ٹکٹ پر صرف ایک شخص ہی سٹیڈیم میں داخل ہو سکے گا۔ کنسرٹ میں شرکت کے خواہشمند تمام خواتین و حضرات کو اپناشناختی کارڈ بھی ہمراہ لانا ہوگا۔