Live Updates

عمران خان کا وزیراعظم منتخب ہونا جمہوریت کیلئے نیگ شگون ہے ،بلوچستان کے عوام کو نومنتخب وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف سے بہت سی امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں،ارکان بلوچستان اسمبلی مٹھا خان کاکڑ، دنیش کمار،حاجی محمدخان ، نصیب اللہ مری

ہفتہ 18 اگست 2018 00:40

کوئٹہ۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) ارکان بلوچستان اسمبلی حاجی مٹھا خان کاکڑ،دنیش کمار‘ حاجی محمد خان ،میر نصیب اللہ مری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نومنتخب وزیراعظم عمران خان بلوچستان کو ملک کے دیگر صوبوں کے برابر لانے ،تحریک انصاف کے منشور پر عملدرآمد کرنے ،معیشت کی بحالی ،خارجہ امور میں نئی پالیسی کی تشکیل سمیت تعلیم اورصحت کے شعبوں میں انقلابی اقدامات اٹھائیں گے۔

ارکان بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ 25جولائی کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف بڑی اکثریتی جماعت کے طور پرابھرکر سامنے آنے کے بعد آج ارکان قومی اسمبلی نے بھاری اکثریت سے عمران خان کو پاکستان کا 22واں وزیراعظم منتخب کردیا ہے جوکہ جمہوریت کیلئے نیک شگون ہے قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد آج وزیراعظم کا انتخاب کا مرحلہ احسن انداز میں مکمل ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو نومنتخب وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف سے بہت سی امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں کہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ ماضی میں ہونے والی نا انصافیوں کا ازالہ کرکے نئے پاکستان اور خوشحال بلوچستان کی بنیاد رکھیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات