ڈیٹا بیس کی تیاری کے لیے تمام محکمہ جات اپنا کر دار ادا کریں ‘ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین

ہفتہ 18 اگست 2018 00:50

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) آزاد کشمیر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین نے کہا ہے کہ ترقی کے اہداف کے حصول اور پسماندگی کے خاتمے کے لئے آبادی سے متعلق درست اور مستند ڈیٹا بیس کا ہونا بہت ضروری ہے ‘ اس لیے قومی سطح پر اپنا جامع لیگ فریم ورک اور قواعد کا نفاذ کیا جانا چاہیے ۔ مقامی سطح پر ایسا طریقہ اختیار کیا جائے جس سے انفرادی طور پر ہر شخص ملکی ترقی میں نہ صرف اپنا کر دار ادا کر ے بلکہ وہ براہ راست ترقی کے ثمرات سے مستفید بھی ہو ۔

وہ یہاں کشمیر پلان ہائوس میں محکمہ لوگل گورنمنٹ کی طرف سے CRVSپر دی گئی بریفنگ اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر ہونے والی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر سیکرٹری منصوبہ بندی ترقیات ملک اسرار احمد ، سیکرٹری تعلیم کالجز زاہد عباسی ، سیکرٹری ،سیکرٹری ایس ڈی ایم اے ظہیر الدین قریشی ، سپیشل سیکرٹری صحت عامہ سردار ظفر محمود ، ناظم اعلیٰ سیاحت سردار جاوید ایوب ، ہیڈ ڈرافٹسمین رزاق ندیم ، یونیسیف پاکستان ، نادرا اور دیگر وفاقی اداروں کے حکام بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ منصور قادر ڈارنے اجلاس کو CRVSکے بارہ میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کی طرف بریفنگ دی اور ان پر درکار فیصلہ جات سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ صحت عامہ ، تعلیم ، سماجی بہبود ، مذہبی امور ، اوقاف اور لوکل گورنمنٹ CRVSپر عملدرآمد کے لیے جامع اقدامات اٹھائیں اور اپنے اپنے محکموں کے فوکل پرسنز نامزد کریں ۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے آبادی کا درست ڈیٹا بیس اولین ضرورت ہے ، پیدائش اور اموات کے بر وقت اندارج سے ایسا ڈیٹا بیس تیار ہوتا ہے جس کی بناء پر ہم درست طور پر مستقبل کی ترقی سے متعلق منصوبہ بندی کر سکتے ہیں ۔ ڈاکٹر سید آصف حسین نے کہا کہ ڈیٹا بیس کی تیاری کے لیے تمام محکمہ جات اپنا کر دار ادا کریں تاہم اگر ہر صوبہ یا ریجن انفرادی طور پر کوئی پالیسی یا پلان آف ایکشن تیار کرنے کے بجائے وفاقی سطح پر ایک یکساں منصوبہ بندی تیار ہو تو یہ زیادہ مفید ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نادر ا اور یونیسیف کے تعاون سے ہم زیادہ بہتر طور پر کام کر سکیں گے اور یہ بات ہماری قومی اہداف کے حصول کے لیے بہت فائدہ مند ہوگی ۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ منصور قادر ڈار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیدائش اور اموات کے اندراج اور ڈیٹا بیس کے لیے یونین کونسل کی طح سے ڈیجیٹل سسٹم اختیار کیا جائے گا۔ اس کی منصوبہ بندی تیار کر لی گئی ہے اوراس کا پی سی ون بھی تیار ہو چکا ہے ۔ یہ ہماری قومی سطح کی ضرورت تھی جس پر ہم نے نہایت محنت سے کام کیا اور انشاء اللہ اس کے نتائج بہت مفیدہوں گے ۔