صوبے سے تبادلہ ہونے والے ڈی آئی جیز کی کار کردگی کافی بہتر رہی ، امید ہے کہ وہ ان تجربات سے آنے والے دنوں میں فائدہ اٹھائیں گے،آئی جی پولیس بلو چستان محسن بٹ

ہفتہ 18 اگست 2018 00:50

کوئٹہ۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے کہا ہے کہ تقرری و تبادلے ملازمت کا حصہ ہیں‘ مجھے خوشی ہے کہ افسران اپنے ملازمت کی مدت کے دوران بہترین کا ر کردگی کا مظاہرہ کرکے اپنے صوبوں کو جارہے ہیں البتہ افسردہ بھی ہیں کہ ایسے قابل بہترین اورصلاحیتوں کے مالک آفیسران بلوچستان سے جارہے ہیں۔

یہ بات انہوںنے گزشتہ روز ڈی آئی جیز عبداللہ خان اور ساجد خان کے صوبے سے تبادلے کے موقع پر ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری داخلہ حید ر علی شکوہ ایڈیشنل آئی جی چوہدری منظور سرور اور دیگر سینئر آفیسران بھی موجود تھے ۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ صوبے سے تبادلہ ہونے والے ڈی آئی جیز کی کار کردگی کافی بہتررہی اور امید ہے کہ وہ ان تجربات سے آنے والے دنوں میں فائدہ اٹھائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ تعیناتی کے دوران تمام لوگوں اور اہلکاروں سے رویہ اور امن و امان کی بہتری کیلئے ا ن کا اہم کردار ہمیشہ یاد رہے گا ۔ انہوںنے کہا کہ پولیس اور دیگر اداروں کی امن وامان کی بہتری کیلئے بے مثال قربانیاں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی ۔ اور شہداء کی عوام کے لئے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ جبکہ ہمیشہ کی طرح عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈئی آئی جیز عبداللہ خان اور ساجد خان نے کہاکہ صوبے میں تعیناتی کے دوران ان کی کوشش رہی ہے کہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں اوروہ اس میں سر خرورہے ہیںاور وہ یہاں سے اچھا تجربہ لے کر جارہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ صوبے میں ملازمت کے دوران ہمیشہ پولیس کمانڈ اور دیگر آفیسران کی جانب سے ہمیشہ حوصلہ افزائی اور مدد ملتی رہی ہے جس کے لئے وہ شکر گزارہیں اور وہ صوبے سے خوشگوار یادیں لے کر جا رہے ہیں اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے ڈی آئی جیز عبداللہ خان اور ساجد خان کو یادگاری شیلڈ اور تحائف دیئے ۔