Live Updates

عمارن خان کی وزارت عظمیٰ کے لیے تقریب حلف برداری

ایوان صدر میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ، کچھ دیر میں عمران خان بھی روانہ ہوں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 08:58

عمارن خان کی وزارت عظمیٰ کے لیے تقریب حلف برداری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : ایوان صدر میں آج وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا ہے ، جس میں شرکت کے لیے ملکی اور غیر ملکی مہمان ایوان صدر پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور نومنتخب وزیر اعظم عمران خان بھی کچھ دیر میں اپنی رہائش گاہ بنی گالہ سے ایوان صدر روانہ ہوں گے جس کے پیش نظر وزیرا عظم کا سکیورٹی اسکواڈ عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ پر پہنچا دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی تقریب حلف برداری صبح ساڑھے 9 بجے ایوان صدر میں ہوگی۔ حلف برداری تقریب کے لیے تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور پارلیمانی رہنماؤں کو دعوت نامے جاری کیے گئے جبکہ عمران خان کے قریبی دوستوں کے علاوہ تحریک انصاف کور گروپ کے تمام اراکین کو بھی دعوت نامے جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ غیر ملکی سفیر بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔

حلف برداری سے پہلے ایوان صدر میں قومی ترانہ بجایا جائے گا جس کے بعد کابینہ سکریٹری صدر مملکت سے تقریب شروع کرنےکی اجازت طلب کریں گے۔تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوگا جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے اُن کے عہدے کا حلف لیں گے۔حلف برداری کے بعد وزیراعظم حلف کی دستاویز پر دستخط کریں گے۔ جس کے بعد نو منتخب وزیر اعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے انتخاب ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان 176 ووٹ لے کر ملک کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔ ایوان صدر پہنچنے پر عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین نے کہا کہ عمران خان نے 22سال ان تھک محنت کی، پی ٹی آئی کا سو دن کا پلان تیار ہے۔ مجھے اعتماد ہے کہ سب کی نیتیں صاف ہیں۔

میرا کوئی کردار نہیں تھا ایک مشن تھا جو پورا ہو گیا۔ میرا کام پوراہوگیا،21 تاریخ کوملک سے باہر جا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیر اعظم منتخب ہو گئے ہیں ، اب میں گھر بیٹھوں گا، فارمنگ کروں گا، بزنس کروں گا۔اس موقع پر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جمہوری پارلیمانی سسٹم میں عمران خان کی شکل میں نیا سوج طلوع ہوا ہے، اس ملک کو مسیحا کی ضرورت ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی شکل میں لوگوں کواُمید دکھائی دی ہے۔ عمران خان کو منتخب اور تعینات کرنے کا تجربہ بھی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہ ہم نے بھاری مینڈیٹ سے کامیابی حاصل کی ہے اسی لیےہم پر ذمہ داری بھی بھاری عائد ہوتی ہے ہم پہلے دن سے ہی کام کرنے اور عوام کو ڈیلیور کرنے کی کوشش کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات