Live Updates

پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ کا شہری پر تشدد

چیف جسٹس آف پاکستان نے از خود نوٹس لے لیا، جواب طلب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 09:29

پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ کا شہری پر تشدد
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی عمران علی شاہ کے شہری پر تشدد کرنے کے معاملے پر از خود نوٹس لے لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے سوشل میڈیا پر چلنے والی رپورٹس پر از خود نوٹس لیا اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ سے 3 روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عمران شاہ کراچی کے علاقہ اسٹیڈیم روڈ پر شہری پر تشدد کررہے ہیں ۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی پاکستان تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا صارفین نے عمران علی شاہ کی حرکت کو اسٹیٹس کو اور پروٹوکول کی مخالفت کرنے والی پی ٹی آئی کے دوہرے معیار سے منسوب کیا۔پی ٹی آئی رہنما نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ندامت کا اظہار کیا اور واضح کیا کے ذمہ دار شہری اور منتخب رکن سندھ اسمبلی ہونے کے ناطے ان پر شہریوں کی حفاظت کا ذمہ زیادہ ہے اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ ویڈیو میں ادھوری حقیقت دکھائی گئی ۔

انہوں نے شہری کو اس لیے مارا پیٹا کیونکہ اس نے ایک غریب موٹرسائیکل سوار کو بار بار اپنی گاڑی سے ٹکر ماری تھی۔

معاملے پر احتجاج بڑھنے پر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے رکن اسمبلی عمران علی شاہ کوشوکاز نوٹس جاری کردیا۔

جس کے بعد نو منتخب رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ شہری داؤد کے گھر ان سے معافی مانگنے پہنچ گئے۔
ڈاکٹر عمران علی شاہ کے گھر آ کر معذرت کرنے پر متاثرہ شخص نے کہا کہ میں کوئی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتا۔
 پاکستان تحریک انصاف نے عمران علی شاہ کی رکنیت ایک ماہ کے لیے معطل کر کے معاملہ کمیٹی کے حوالے کر دیا تھا۔

بعد ازاں عمران شاہ کی سوتیلی والدہ نے بھی الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈاکٹر محمد علی شاہ نے مجھ سے دوسری شادی کی، عمران اور جنید نے والد کے انتقال کے بعد تمام جائیداد پر قبضہ کرلیا، بدترین تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔ ڈاکٹر ریحانہ شاہ نے عمران شاہ اور جنید شاہ پر سنگین الزامات بھی لگا دیئے ہیں۔ ڈاکٹر ریحانہ شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی شاہ نے مجھ سے 1989ء شادی کی، میری شادی کو پہلی بیوی کے بچوں نے قبول نہیں کیا، عمران شاہ اور جنید شاہ نے اے او کلینک آکر بدترین تشدد کیا، سرجن روم میں بند کرکے زدو کوب کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا میں مقیم میرے بیٹے کو جان کا خطرہ ہے، عمران شاہ نے مجھے اور میرے بیٹے کو دھمکی دی، اب ایم پی اے بننے کے بعد اور ڈر لگ رہا ہے، میں میڈیا میں محمد علی شاہ کی وجہ سے نہیں آئی۔ انہوں نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ مجھے انصاف اور شرعی و معاشرتی طور پر جائز حق دلوائیں، ہمیں سکون سے پاکستان میں رہنے دیں۔ دونوں بھائیوں کا تعلق ایم کیو ایم سے رہا ہے اور اس کے ذریعے مجھے دھمکیاں دیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات