امریکا میں مڈٹرم انتخابات نومبر میں ہوں گے

ہفتہ 18 اگست 2018 12:18

واشنگٹن ۔18 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) امریکا میں مڈٹرم انتخابات نومبر میں ہوں گے۔ مڈ ٹرم انتخابات کے بارے میںسیاسی ماہرین کے تجزیے کے مطابق ان انتخابات کے نتیجے میں صدر ٹرمپ کی صدارت کو خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔امریکا کے ایک معروف جریدے ’پولیٹیکو‘ کی طرف سے کیے گئے ایک جائزے میں 66 فیصد ووٹروں کا کہنا تھا کہ وہ نومبر میں ہونے والے مڈٹرم انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے پر عزم ہیں جبکہ صرف 9 فیصدکا کہنا تھا کہ وہ ووٹ نہیں ڈالیں گے۔

جائزے میں بتایا گیا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کے 51 فیصد ووٹر ان انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے منتظر ہیں جبکہ رپبلکن پارٹی کے 43 فیصد ووٹروں کا کہنا تھا کہ وہ بھی ووٹ ضرور ڈالیں گے۔ گیلپ سروے کے مطابق صدر ٹرمپ کی مقبولیت کی شرح 39 فیصد ہے جو کچھ عرصہ پہلے کے مقابلے میں قدرے کم ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ نے اوہائیو ریاست میں ایک انتخابی ریلی میں رپبلکن ووٹروں کو متحرک کرتے ہوئے کہا کہ امریکا جیت رہا ہے کیونکہ ہم ’امریکا پہلے‘ کی پالیسی پر کاربند ہیں۔

کچھ انتخابی جائزوںکے مطابق پرائمری انتخابات میں صدر ٹرمپ کو ملازمت پیشہ شہری ووٹرز کی خاصی حمایت حاصل ہے تاہم بہت سی خواتین اور مضافاتی علاقوں کے ووٹرز رپبلکن پارٹی سے نالاں دکھائی دیتے ہیں۔اس وقت ڈیموکریٹک پارٹی کو ایوان نمائندگان کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کیلئے تقریباً 25 مزید سیٹوں کی ضرورت ہے جبکہ اسے سینٹ میں محض دو مزید سیٹیں درکار ہیں