Live Updates

عمران خان کی تقریب حلف برداری میں بیرسٹر سلطان محمود ،خواجہ فاروق احمد کی خصوصی شرکت

بیرسٹر سلطان برطانیہ سے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کیلئے آئے

ہفتہ 18 اگست 2018 12:26

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) تحریک انصاف آزاد کشمیر وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں بیرسٹر سلطان محمود اور خواجہ فاروق احمد کی خصوصی شرکت ‘ بیرسٹر سلطان برطانیہ سے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کیلئے آئے جبکہ خواجہ فاروق احمد مظفرآباد سے رات گئے اسلام آباد پہنچے ۔آزاد کشمیر سے صرف دو رہنمائوں کو دعوت دی گئی تھی ۔

ادھر عمران خان کے بحیثیت وزیراعظم حلف اٹھاتے ہی آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں فضاء تحریک انصاف کے ترانوں سے گھونج اٹھی دن بھر خواجہ فاروق احمد کے سیاسی مرکزی سی ایم ایچ روڈ پر تحریک انصاف کے کارکنوں اور شہریوں کی آمدورفت کا سلسلہ جاری رہا جہاں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور عمران خان کی بحیثیت وزیراعظم کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

(جاری ہے)

عام انتخابات میں تحریک انصاف آزاد کشمیر نے پاکستان میں جماعتی امیدواروں کی کامیابی کیلئے بھرپور مہم چلائی۔ خصوصاً راولپنڈی ڈویژن میں کشمیری ووٹروں نے تحریک انصاف کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور خواجہ فاروق احمد کی خصوصی شرکت نے تحریک انصاف آزاد کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے اور اب توقع کی جارہی ہے کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی عوامی قوت میں اضافہ ہوگا ۔

تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے سیاسی کارکنوں کی بڑی تعداد تیار بیٹھی ہے آنیوالے چند ماہ کے دوران تحریک انصاف آزاد کشمیر خطہ کی بڑی سیاسی قوت کے طور پر ابھرے گی ۔ وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں بیرسٹر سلطان محمود اور خواجہ فاروق کی خصوصی شرکت نے دونوں زعما کی پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت کیساتھ قربت اور سیاسی تعلقات کار عیاں کردیئے ہیں ۔

اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف آزاد کشمیر بہت جلد ایک وفد کی شکل میں وزیراعظم عمران خان کیساتھ ملاقات کرکے انہیں دورہ آزاد کشمیر کی دعوت دے گا۔ عمران خان اولین فرصت میں آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد کا سرکاری دورہ کرینگے ۔ آزاد کشمیر میں اس سلسلہ میں انتظامات جاری ہیں ۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان آزاد کشمیر میں بھی مقبول ترین سیاسی رہنما جانے جاتے ہیں اور ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد ان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات