Live Updates

عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے پر آبائی علاقہ میں جشن

راولپنڈی کے ریڑھی بان نے مفت ناشتہ تقسیم کیا ، مٹھائی بھی بانٹی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 12:23

عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے پر آبائی علاقہ میں جشن
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : نو منتخب وزیراعظم عمران خان نے آج صبح ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اُٹھایا ۔ عمران خان کی تقریب حلف برداری کے بعد جہاں ملک بھر میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں وہیں عمران خان کے آبائی علاقہ میانوالی میں بھی مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔ عمران خان کی حلف برداری کی خوشی میں راولپنڈی کے ایک ریڑھی بان نے مفت ناشتہ تقسیم کیا۔

راولپنڈی کے راجا بازار میں ریڑھی بان نے ناشتہ کرنے آئے گاہکوں سے کوئی رقم وصول نہیں کی۔ ریڑھی بان کا کہنا ہے کہ مجھے عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کی بے حد خوشی تھی ، عمران خان کے وزیر اعظم منتخب ہونے اور حلف لینے کی خوشی میں آج میں نے تمام گاہکوں کو مفت ناشتہ کروایا اور کسی سے پیسے وصول نہیں کیے۔

(جاری ہے)



واضح رہے کہ نو منتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔

جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،پارلیمانی رہنما، سیاسی قائدین ، چئیرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی ملکی و غیر ملکی مہمان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سمیت عمران خان کے قریبی دوست شریک تھے۔ تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹ نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک تھے۔ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں ان کی تیسری اہلیہ اور پاکستان کی خاتون اول بشریٰ بی بی بھی شریک تھیں۔

بشریٰ بی بی نے ایوان صدر روانگی سے قبل ایک تصویر بھی بنوائی جو سوشل میڈیا پروائرل ہو گئی۔
اس تصویر میں بشریٰ بی بی کے ہمراہ ان کی دوست اور عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ایوان صدر میں وزارت عظمٰی کے عہدے کی حلف برداری سے قبل قومی ترانہ بجایا گیا
جس کے بعد کابینہ سیکرٹری نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے تقریب شروع کرنے کی اجازت طلب کی، تقریب حلف برداری کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے نومنتخب وزیر اعظم عمران خان سے عہدے کا حلف لیا۔

اس موقع پر نومنتخب وزیراعظم عمران خان نے کالے رنگ کی شیروانی زیب تن کر رکھی تھی۔
حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کیے جس کے بعد نو منتخب وزیر اعظم عمران خان وزیر اعظم ہاؤس روانہ ہوئے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ عمران خان کو سخت سکیورٹی میں ایوان صدر پہنچایا گیا۔ایوان صدر روانگی سے قبل عمران خان نے پروٹوکول لینے سے انکار کردیا جس کے بعد عمران خان بغیر پروٹوکول کے ہی ایوان صدر روانہ ہوئے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے انتخاب ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان 176 ووٹ لے کر ملک کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات