Live Updates

امید ہے عمران خان کی حکومت میں اقتصادی خوشحالی کا دور دورہ ہوگا ‘افتخار علی ملک

حکومت کو میگا کرپشن سکینڈلز میں ملوث عناصر کیخلاف بلا امتیاز جنگ کو اپنی ترجیح بنانا ہوگا‘ سینئر نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

ہفتہ 18 اگست 2018 13:01

امید ہے عمران خان کی حکومت میں اقتصادی خوشحالی کا دور دورہ ہوگا ‘افتخار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر اور یونائٹڈ بزنس گروپ کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی حکومت میں اقتصادی خوشحالی کا دور دورہ ہوگا اور ملک درست سمت میں گامزن ہوگا۔

اپنے بیان میں افتخار علی ملک نے کہا کہ تمام ترقی یافتہ ممالک کاروباری برادری کی مشاورت کے ساتھ اقتصادی اور معاشی پالیسیاں تیار اور ان پر عملدرآمد کرتے ہیں اور امید ہے کہ تحریک انصاف پاکستان بھی اس ضمن میں منطقی اور عملی طریق کار اختیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی صنعت کو توانائی بحران کا سامنا ہے اور امید ہے کہ نئی منتخب حکومت پائیدار معاشی ترقی کے لئے بجلی اور گیس کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے گی اور مالیاتی پالیسیوں کو قانونی تحفظ فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک طرف قرضوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے تو دوسری طرف بدعنوانی بھی ترقی کی رفتار کو متاثر کر رہی ہے۔ بد قسمتی سے حکومتی امور میں کرپشن کے حوالے سے پاکستان عالمی سطح پر 180 ممالک میں 117 ویں نمبر پر ہے مگر مالی بدعنوانی سے نمٹنے کے لئے نہ ہونے کے برابر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو میگا کرپشن سکینڈلز میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز جنگ کو اپنی ترجیح بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں اور عمران خان اس سلسلے میں قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات