Live Updates

نو منتخب وزیراعظم عمران خان کا کل شام قوم سے خطاب کا امکان

سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی کو انتظامات کی ہدایت کر دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 14:07

نو منتخب وزیراعظم عمران خان کا کل شام قوم سے خطاب کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22 ویں وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کا فیصلہ کر لیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان ممکنہ طور پر کل شام قوم سے خطاب کریں گے۔ اس ضمن میں سرکاری ٹی وی چینل کو انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، عمران خان بحیثیت وزیراعظم قوم سے اپنے پہلے خطاب میں حکومتی پالیسی اور ایجنڈے پر بات کریں گے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہےکہ قوم سے خطاب کے دوران ہی وزیراعظم عمران خان نئی کابینہ کے حوالے سے بھی کچھ اعلانات کریں گے۔ نو منتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،پارلیمانی رہنما، ملکی و غیر ملکی مہمان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سمیت عمران خان کے قریبی دوست شریک تھے۔

(جاری ہے)

تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹ نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک تھے۔ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں ان کی تیسری اہلیہ اور پاکستان کی خاتون اول بشریٰ بی بی بھی شریک تھیں۔
ایوان صدر میں وزارت عظمٰی کے عہدے کی حلف برداری سے قبل قومی ترانہ بجایا گیا
جس کے بعد کابینہ سیکرٹری نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے تقریب شروع کرنے کی اجازت طلب کی، تقریب حلف برداری کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے نومنتخب وزیر اعظم عمران خان سے عہدے کا حلف لیا۔

اس موقع پر نومنتخب وزیراعظم عمران خان نے کالے رنگ کی شیروانی زیب تن کر رکھی تھی۔
حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کیے جس کے بعد نو منتخب وزیر اعظم عمران خان وزیر اعظم ہاؤس روانہ ہوئے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ایوان صدر روانگی سے قبل عمران خان نے پروٹوکول لینے سے انکار کردیا جس کے بعد عمران خان بغیر پروٹوکول کے ہی ایوان صدر روانہ ہوئے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے انتخاب ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان 176 ووٹ لے کر ملک کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات