بلوچستان عوامی پارٹی کے جام کمال بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے

ہفتہ 18 اگست 2018 14:42

بلوچستان عوامی پارٹی کے جام کمال بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے جام کمال صوبے کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے ،بلوچستان اسمبلی کے نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے اجلاس نومنتخب اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں ہوا جس میں سابق وزیراعلیٰ ثنااللہ زہری نے اپنی رکنیت کا حلف لیا۔صوبے میں وزارتِ اعلیٰ کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کے جام کمال کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے میر یونس عزیز زہری سے ہوا۔

اسپیکر نے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے دو لابیاں بنائیں جس میں جمام کمال کو ووٹ دینے والوں کے لیے لابی اے جب کہ یونس زہری کے لیے لابی بی بنائی گئی،اس موقع پر دلچسپ صورتحال یہ بھی دیکھنے میں آئی کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری نے جام کمال خان کو ووٹ دیا،وزیراعلیٰ کی ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر نے نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا اسمبلی میں مجموعی طور پر 59 ووٹ کاسٹ ہوئے جس میں سے جام کمال کو 39 ووٹ ملے جب کہ یونس زہری نے 20 ووٹ حاصل کیے۔

(جاری ہے)

اس طرح جمام کمال صوبے کے 17 ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے، جام کمال کے والد جام یوسف اور داد جام غلام قادر بھی صوبے کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔جام کمال کو بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادیوں کی حمایت حاصل تھی جب کہ یونس عزیز زہری کو بی این پی مینگل اور متحدہ مجلس عمل نے نامزد کیا ۔