اسلام آباد چیمبرآف کامرس ستمبر میں نیشنل سکواش چمپئن شپ کے انعقاد میں تعاون کریگا، شیخ عامر وحید

ہفتہ 18 اگست 2018 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ چیمبر ستمبر میں راولپنڈی میں نیشنل سکواش چمپئن شپ کے انعاد میں پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے ساتھ تعاون کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن آزادی سکواش ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام راولپنڈی سکواش ایسوسی ایشن نے کیا ۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔شیخ عامر وحید نے کہا کہ سکواش کے میدان میں پاکستان نے جہانگیر خان اور جانشیر خان جیسے عالمی چمپئن پیدا کئے ہیں جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں اس کھیل کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت سکواش کے کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی کرے تا کہ وہ سکواش کے میدان میں پاکستان کا نام مزید روشن کر سکیں۔

(جاری ہے)

سکواش ٹورنامنٹ میں انڈر الیون، انڈر فیفٹین، سینئرز اور گرلز سمیت کل 76کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ سینئرز کی کیٹیگری میں سے محمد ابراہیم ، انڈر فیفٹین سے محمد عمر اور انڈر الیون کی کیٹیگری سے آزان خان نے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راولپنڈی سکواش ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ندیم انور نے کہا کہ پچھلے دو سال سے راولپنڈی میں کوئی نیشنل سطح کی سکواش چمپئن شپ منعقد نہیں ہوئی لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اس خطے میں نیشنل سکواش چمپئن شپ کے انعقاد میں تعاون کرے۔

سکواش کے ورلڈ نمبر 6زمان گل، قیصر مرزا اور غضنفر شاہ سمیت دیگر متعدد مہمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چمپئن شپ کے اختتام پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید اور سینئر نائب صدر محمد نوید ملک نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔