کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر پاکستان میں اس شعبہ کو موثر بنانے کی ضرورت ہے، چئیرمین پاکستان اکانومی واچ بریگیڈئیر (ر) محمد اسلم خان

ہفتہ 18 اگست 2018 15:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) پاکستان اکانومی واچ کے چئیرمین بریگیڈئیر (ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی اہمیت و افادیت بڑھ رہی ہے اور پاکستان میں اس شعبہ کو موثر بنانے کی ضرورت ہے اس لئے نئی حکومت کوکارپوریٹ سماجی ذمہ داری اور کارپوریٹ احتساب کے شعبوں پر بھرپورتوجہ دینے کی ضرورت ہے ، کمپنیوں کو شراکت داروں، ملازمین، سپلائیرز، صارفین اور معاشرے کے سامنے جوابدہ ہونا چاہئیے۔

ہفتہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ’’ سماجی ذمہ داری‘‘ کے عنوان پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی اہمیت و افادیت بڑھ رہی ہے اور پاکستان میں اس شعبہ کو موثر بنانے کی ضرورت ہے جس کے لئے نئی حکومت ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنانے پر غور کر سکتی ہے تاکہ عوام کو اس کا فائدہ پہنچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ کاروباری اداروں کا کلچر بدلنے کی ضرورت ہے جبکہ ان کی رپورٹنگ کا معیار بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی مد میں سالانہ سات ارب روپے جمع ہوتے ہیں جن کا مناسب استعمال عوام کے کئی مسائل حل کر سکتا ہے، مختلف کمپنیوں کی انتظامیہ اپنے اخلاقی برتاؤ، افرادی قوت، مقامی برادری اور انکے خاندانوں کی اقتصادی ترقی میں شرکت کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر معاشرے میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داریوں کو اچھے انداز میں ادا کرکر سکتی ہیں۔