سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر فیض رسول نامی شہری کی جانب سے خودکشی کی کوشش ناکام

ہفتہ 18 اگست 2018 16:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر فیض رسول نامی شہری کی جانب سے خودکشی کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے، بتایا گیا ہے کہ خودکشی کی کوشش میں ملوث فیض رسول لاہور کے ایک مقامی پٹرول پمپ پر محنت مزدوری کرتا تھا، پٹرول پمپ انتظامیہ نے فیض رسول سے پورا مہینہ کام لینے کے بعد اسے تنخواہ ادا نہ کی، فیض رسول کے مطابق اس نے تنخواہ کے حصول کے لئے تمام ضروری دروازوں پر دستک دی لیکن اس کو اس کا حق ادا نہ کیا گیا، داد رسی نہ ہونے پر فیض رسول سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر پہنچا جہاں اس نے اپنے اوپر پٹرول ڈال کر جیسے ہی خود کو آگ لگانے کی کوشش کی تو وہاں پر موجود پولیس اہلکاروں نے اسے دبوچ لیا اور حراست میں لے لیا، متاثرہ شہری نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اس کی مزدوری دلوانے کی اپیل کی ہے۔