شام کی خانہ جنگی میں بچھڑے بھائی حج کے موقع پر مل گئے

دونوں کو روتا ہوا دیکھ کر قریبی لوگ بھی جذباتی ہوگئے ،ْ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی

ہفتہ 18 اگست 2018 17:09

شام کی خانہ جنگی میں بچھڑے بھائی حج کے موقع پر مل گئے
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) شام کی خانہ جنگی میں بچھڑے بھائی حج کے موقع پر مل گئے۔عرب سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دونوں بھائیوں کو فریضہ حج کیلئے سعودی عرب کے شہر مکہ المکرمہ میں اترتے ہوئے دیکھا گیا۔ویڈیو میں دیکھا گیاکہ جیسے ہی دونوں بھائیوں کی ایک دوسرے پر نظر پڑتی ہے وہ دونوں بغلگیر ہوکر جذبات سے رونے لگتے ہیں۔

ویڈیو کو متعدد عرب صارفین نے اپنے ٹوئٹر اور سوشل اکاؤنٹس پر شیئر کیا اور سب ہی جذباتی لمحات کو دیکھ کر جہاں خوش ہوئے وہیں انہوں نے بچھڑے ہوئے بھائیوں کے ملنے کا کریڈٹ فریضہ حج کی ادائیگی کو دیا ،ْاسی ویڈیو پر متعدد عرب نشریاتی اداروں نے بھی خبریں شائع کیں۔ رپورٹ کے مطابق خانہ جنگی کی وجہ سے ایک دوسرے سے الگ ہونے والے دونوں بھائیوں کا تعلق شام سے ہے جو 2011 میں جدا ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق شام میں جنگ لگنے کی وجہ سے ایک بھائی اپنا وطن چھوڑ کر پڑوسی ملک اردن چلا گیا تھا جس کا رابطہ اپنے اہل خانہ اور بھائی سے منقطع ہوگیا تھا تاہم فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے دونوں بھائی سعودی عرب کے شہر مکہ پہنچے تو دونوں ایک دوسرے کو زندہ دیکھ کر جذباتی ہوکر بغلگیر ہوگئے اور کافی دیر تک ایک دوسرے کو سینے سے لگاکر روتے رہے۔

دونوں کو روتا ہوا دیکھ کر قریبی لوگ بھی جذباتی ہوگئے جبکہ ان کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ،ْاسی ویڈیو میں 2 خواتین کو بھی ایک دوسرے سے ملتے ہوئے دیکھا گیا۔واضح رہے کہ شام میں خانہ جنگی کی شروعات عرب انقلاب کے فورا بعد 2011 کے آغاز میں ہوئی۔اس جنگ میں پہلے پہل شامی حکومت اور وہاں کے مقامی باغیوں کے درمیان لڑائی ہوئی، تاہم دیکھتے ہی دیکھتے اس جنگ میں امریکا، برطانیہ، ترکی، ایران اور روس کی فوجیں بھی شامل ہوگئیں ،ْاسی خانہ جنگی کے دوران شام میں انتخابات بھی منعقد ہوئے اور بشار الاسد ایک بار پھر صدر منتخب کیے گئے۔خانہ جنگی میں اب تک لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جب کہ بہت بڑی تعداد میں افراد زخمی اور بے گھر بھی ہوئے ہیں۔