مسقط: لڑکیوں کوڈوبنے سے بچاتے بچاتے دو نوجوان پانی کی بپھری موجوں میں بہہ گئے

نوجوان تیراکی سے ناواقف ہونے کے باوجود دریا میں کُود گئے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 18 اگست 2018 16:35

مسقط: لڑکیوں کوڈوبنے سے بچاتے بچاتے دو نوجوان پانی کی بپھری موجوں میں ..
مسقط(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 اگست 2018ء) گزشتہ جمعہ کے روز اومان کے علاقے میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں دو سعودی لڑکیاں اچانک دریا میں جا گِریں جن کی جان بچانے کی خاطر موقع پر موجود دو اومانی نوجوان نتائج کی پرواہ کیے بغیر دریا میں کُود گئے۔ یہ نوجوان لڑکیوں کو تو بچانے میں کامیاب ہو گئے مگر خود تیز رو پانی کی بے رحم موجوں کی نذر ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق اومان کے صوبہ ظوفر کی وادی دربت میں تفریح کی غرض سے آئی سعودی لڑکیاں دریا کے کنارے کھڑی تصویریں بنا رہی تھیں۔ اچانک اُن کا پیر پھسلا اور وہ دونوں پانی میں جا گِریں‘ قریب تھا کہ وہ ڈُوب جاتیں ‘ مگر وہاں موجود دو اومانی نوجوان25 سالہ حمیار الناصری اور اُس کا 21سالہ بھانجا طارق الناصری اُن کی جانیں بچانے کے لیے دریا میں دریا میں کُود پڑے۔

(جاری ہے)

حالانکہ وہ تیرنا نہیں جانتے تھے۔ اس حوالے سے متوفی طارق کے بھائی مصطفی الناصری نے بتایا ’’انہوں نے لڑکیوں کو کھینچ کر پانی سے باہر نکال لیا مگر وہ خود گہرے پانی میں چلے گئے۔ میں نے اُنہیں بچانے کے لیے اپنی ٹی شرٹ آگے کی تاکہ وہ اُسے پکڑ کر باہر آ سکیں۔ وہ کنارے پر پہنچنے کے قریب تھے مگر پھر پانی کا ایک زوردار ریلا اُنہیں پل بھر میں ہمیشہ کے لیے ہم سے دُور لے گیا۔

میرا بھائی اور ماموں حقیقت میں ہیرو تھے ۔ لیکن لڑکیوں کی جان بچانے کے لیے پانی میں کُودنے کا یہ عمل ہمارے لیے اس لیے حیران کُن نہیں تھا کیونکہ وہ ہمیشہ سے انسانیت کی خدمت کے لیے تیار رہتے تھے۔‘‘اومانی حکام نے ڈُوبنے والے اومانی نوجوانوں کی لاشیں نکال لیں۔ مسقط میں سعودی سفارت کانے کی جانب سے سوگوار نوجوانوں کے گھر والوں سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

ان نوجوانوں کا تعلق بہلا کے شمالی صوبے کے ایک گاؤں العیشی سے تھا۔ اومان میں سعودی سفیر نے بھی طارق کے باپ کو کال کر کے ذاتی طور پر تعزیت کا اظہار کیا۔ ان نوجوانوں کے دلیری سے بھرپور اقدام کی کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔ ٹویٹر کے صارفین بڑی تعداد میں ان عظیم نوجوانوں کی انسانیت پرستی پر مبنی جان لیوا کاوش کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔